پاناما کیس کا فیصلہ کیا ہو گا، سوشل میڈیا پر ہلچل
20 اپریل 2017پاکستان کی سپریم کورٹ آج ملکی تاریخ کے اہم مقدموں میں سے ایک ’پاناما کیس‘ کا فیصلہ سنانے جا رہی ہے اور فریقین کی جانب سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر آج بھی پہلے نمبر پر ہیش ٹیگ پاناما کیس ٹرینڈ کر رہا ہے جبکہ ہیش ٹیگ سرخرو ہو گا نواز شریف دوسرے نمبر پر ہے۔ ہیش ٹیگ سپریم کورٹ بھی کافی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
ٹویٹر کی ایک صارف ماہ رخ نے پاناما کیس کے حوالے سے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ امید ہے کہ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کے حق میں ہو گا۔
ایک اور صارفہ انو ایس مصطفی نے لکھا ہے
آئیے پاکستان کے لیے دعا کریں، خدا کرے کہ جیت پاکستان کی ہو
پاکستان کی سیاسی جماعت اور مقدمے کی مرکزی فریق پی ٹی آئی کی خاتون رہنما ناز بلوچ نے وزیر ِاعظم نواز شریف کے حق میں لگے بینرز کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کا خوف ان بینرز میں صاف دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک اور صارفہ فائزہ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’قوم کی بے شمار دعائیں وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ہیں۔
پاکستان کی عدالتِ عالیہ کا فیصلہ چاہے وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں آئے یا پاکستان تحریکِ انصاف مقدمہ جیت جائے، اس موضوع کے حوالے سے سوشل میڈیا پر یہ رونق کئی دن یونہی لگی رہے گی۔