1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے لئے قرضے: آئی ایم ایف کا اجلاس اگلے ماہ

29 مارچ 2010

بین الااقوامی مالیاتی فنڈ IMF پاکستان کے لیے قرضوں کے پانچویں حصے کے طور پر آخری حصے کے قرضوں کی رقوم کی منظوری ممکنہ طور پر اپریل کے وسط میں دے دے گا۔

https://p.dw.com/p/Mgsh

پاکستان میں ایک حکومتی اہلکار نے آج پیر کے روز بتایا کہ IMF کی یہ میٹنگ ممکنہ طور پر اگلے ماہ کے وسط میں ہو گی اور اس میں اب تک کی تاخیر صرف دفتری اور انتظامی وجوہات کی بناء پر ہوئی۔

پاکستان نے نومبر 2008 میں اپنے ہاں ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے اور اپنے مالیاتی ذخائر کو مناسب حد تک قائم رکھنے کے لئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو ہنگامی بنیادوں پر 7.6 بلین ڈالر کے قرضوں کی درخوست کی تھی۔ IMF نے جولائی 2009 میں ان قرضوں کی مالیت بڑھا کر 11.3 بلین ڈالر کر دی تھی اور اس سلسلے کی رقوم کا چوتھا حصہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو گزشتہ برس 28 دسمبر کو ادا کر دیا گیا تھا۔

Pakistan Ministerpräsident Yousaf Raza Gilani
مالیاتی فنڈ کی طرف سے قرضوں کے ساتھ وزیر اعظم گیلانی کی حکومت کو مخصوص شرائط بھی پوری کرنا ہوں گیتصویر: Abdul Sabooh

پاکستان کے لئے قرضوں کے پانچویں حصے کی رقوم کی ادائیگی کے لئے IMF کا ایک اجلاس ابتدائی طور پر 24 مارچ کوہونا تھا، جسے بعد میں ملتوی کر کے 31 مارچ کے لئے طے کیا گیا تھا۔ بعد میں یہ اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا جس کے بعد پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی طرف سے قرضوں کی نئی رقوم کی فراہمی خطرے میں پڑ چکی ہے۔ تاہم اس بارے میں ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے پیر کو بتایا کہ اس تاخیر کی وجہ یہ رہی کہ کہ پاکستان کی صوبائی اسمبلیوں میں اضافی سیلز ٹیکس یا VATسے متعلق قانون قدرے تاخیر سے پیش کیا گیا۔

IMF کا مطالبہ تھا کہ پاکستان VATسے متعلق یہ قانون دسمبر 2009 کے آخر تک ملکی پارلیمانی اداروں میں پیش کرے۔ پاکستان میں اضافی سیلز ٹیکس یا VAT ایک صوبائی معاملہ ہے اور اس لئے اس کی منظوری کی خاطر چاروں صوبائی اسمبلیوں کی طرف سے توثیق لازمی ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی وزارت خزانہ کے خصوصی سیکرٹری آصف باجوہ نے پیر کے روز کراچی میں کہا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں نے اضافی سیلز ٹیکس کی منظوری سے متعلق پارلیمانی عمل ابھی حال ہی میں مکمل کر لیا اور IMF کو بھی اس کی باقاعدہ اطلاع دے دی گئی ہے۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ IMF کو اطلاع دئے جانے کے بعد اب اس بین الاقوامی ادارےکو باقاعدہ دستاویزات بھی بھجوائی جا رہی ہیں۔

آصف باجوہ کے بقول IMF کو اپنے ہاں معمول کی کارروائی کے لئے تقریبا دس روز درکار ہوں گے، جس کے بعد پاکستان کو قرضوں کے پانچویں حصے کی رقوم کی فراہمی کے سلسلے میں فنڈ کا اجلاس اپریل کے وسط تک ہو سکے گے۔ آصف باجوہ نے اس امر کی تصدیق کی کہ IMF نے ابھی تک اس اجلاس کے لئے اپنی طرف سے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں