پرتگال کی شمالی کوریا کے خلاف تاریخی فتح
21 جون 2010گروپ جی کے اس میچ میں شکست کے بعد شمالی کوریا کی دوسرے مرحلے تک پہنچنے کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئی ہیں اور یوں کمیونسٹ کوریا کی ٹیم اب اس ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کے گرین پوائنٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پرتگال نے عالمی کپ مقابلوں میں اپنی شرکت سے لے کر آج تک کی سب سے بڑی فتح حاصل کی۔
پرتگال کے کوچ نے کہا کہ انہوں نے اس کھیل کو تین درجوں میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، یعنی سب سے پہلے جیت، پھر زیادہ سے زیادہ گول اور تیسرا اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانا اور ان کی ٹیم نے ان کے اس منصوبے کے جملہ مراحل پر کامیابی سے عمل کیا۔
پرتگال کی طرف سے Raul Meireles، سیموا سابروزہ، اوگو المائدہ اور ٹیاگو نے پرتگال کے لئے گول کئے اور اس کے بعد لیڈسون، رونالڈو ٹیاگو نے شمالی کوریا کے گول پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے۔ اب پرتگال کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کےگروپ جی میں برازیل سے صرف دو پوائنٹس پیچھے ہے۔ اس کے بعد آئیوری کوسٹ کی ٹیم ہے اور اب آئیوری کوسٹ کی ٹیم شمالی کوریا کے خلاف میچ میں اس سے زیادہ گول کر کے ہی اگلے مرحلے میں اپنی جگہ بنا سکتی ہے اور پرتگال کا راستہ روک سکتی ہے۔
موجودہ ورلڈ کپ میں شمالی کوریا کی ٹیم کے زبردست دفاع کے باعث اس کی تعریف کی جا رہی تھی۔ خاص طور پر برازیل کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شمالی کوریا نے بہت بہتر کارکردگی دکھائی تھی، مگر پیر کو ہونے والے پرتگال کے میچ میں کھیل مکمل طور پر یکطرفہ نظر آیا۔
پرتگال کی جانب سے گول پر تیرہ مرتبہ حملے کئے گئے اور ان میں سے سات مرتبہ گول نیٹ کے اندر پہنچا دیا گیا جبکہ شمالی کوریا کی ٹیم صرف چار مرتبہ کوئی سنجیدہ حملہ کرنے میں کامیاب ہوئی۔ پرتگال کی ٹیم نے پانچ کارنر حاصل کئے جبکہ شمالی کوریا کو صرف ایک کارنر مل پایا۔ پرتگال کی جانب سے 18 مرتبہ فاؤل کیا گیا تاہم شمالی کوریا کے کھلاڑیوں نے صرف تین فاؤل کئےجبکہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے دو دو کھلاڑیوں کو پیلے کارڈ دکھائے گئے۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: مقبول ملک