پلاسٹک کی بوتلوں پر سمندر کا سفر
26 جولائی 2010جب یہ کشتی پندرہ ہزار کلومیٹر کا سفر مکمل کر کے سڈنی پہنچی، تو ہزاروں افراد نے کشتی کی چھ رکنی ٹیم کا پرجوش استقبال کیا۔ اس مہم کے سربراہ اور ماہر ماحولیات ڈیوڈ ڈی روتھ شِلڈ نے اس موقع پر کہا کہ اسے خوشی کے مارے اِس کامیابی کا یقین نہیں آ رہا:’’یہاں پہنچ کر اور اپنا سفر مکمل کر کے میں بے حد خوش ہوں۔‘‘
اس کشتی نے رواں سال مارچ میں امریکی شہر سان فرانسسکو سے سڈنی کے لئے اپنے بحری سفر کا آغاز کیا تھا۔ یہ کشتی تین سال کے عرصے میں پلاسٹک کی ساڑھے بارہ ہزار خالی بوتلوں کو شکر اور کاجو سے تیار کی گئی ماحول دوست گوند کی مدد سے آپس میں چپکا کر بنائی گئی تھی۔
اس کشتی کی تیاری اور اس مہم کا مقصد بڑے پیمانے پر پلاسٹک کی آلودگی سے سمندروں کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس کشتی پر سفر کے دوران اِس پر موجود چھ رُکنی عملے نے شمسی سیلوں، ہوا کی مدد سے چلنے والی ٹربائن اور سائیکل کی مدد سے چلنے والے جینریٹرز کے ذریعےبجلی حاصل کی۔
رپورٹ: بریخنا صابر
ادارت: امجد علی