1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چندریان کے روور نے چاند کی سطح پر کام شروع کر دیا

25 اگست 2023

چندریان 3 مشن کے تحت چاند کے قطب جنوبی پر اترنے والے پرگیان روور نے بڑے پیمانے پر اپنی دریافت کا کام شروع کر دیا ہے۔ یہ چاند کی سطح کی معدنی ساخت کا بھی جائزہ لے گا۔

https://p.dw.com/p/4VYhH
بھارت کا چندریان 3، اترنے کی وقت کی تصویر
بھارت کا وکرم لینڈر بدھ کے روز چاند پر پہنچا تھا، جس سے بھارت چاند کے جنوبی قطب پر روور اتارنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیاتصویر: ISRO/Handout/REUTERS

بھارت نے چندریان 3 مشن کے تحت اپنا جو روؤر چاند کی جنوبی قطب پر اتارا ہے، اس نے جمعرات کے روز سے ہی چاند کی سطح پر دریافت کرنے کا اپنا کام شروع کر دیا۔

بھارت کا وکرم لینڈر بدھ کے روز چاند پر پہنچا تھا، جس سے بھارت چاند کے جنوبی قطب پر روور اتارنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔

بھارت چندریان۔3 کی کامیابی کا بے صبری سے منتظر

روور کی چاند پرچہل قدمی

شمسی توانائی سے چلنے والا پرگیان روور چھ پہیوں پر مشتمل ہے اور یہ چاند کے بڑے پیمانے پر بغیر نقشے والے علاقے کو تلاش کرے گا اور دو ہفتوں کے عرصے میں تصاویر اور بعض سائنسی ڈیٹا منتقل کرے گا۔ یہ چاند کی سطح کی معدنی ساخت کا بھی جائزہ لے گا۔

بھارت نے چندریان سوم راکٹ کو کامیابی سے لانچ کر دیا

چندریان 3 کو رفتار حاصل کرنے کے لیے کئی بار زمین کا چکر لگانا پڑا اور چاند تک پہنچنے میں اسے ایک مہینہ لگا۔

بھارتی خلائی مشن کی چاند گاڑی کا ملبہ ناسا نے ڈھونڈ لیا

بھارت کے خلائی ادارے 'انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن' (اسرو) نے جمعرات کے روز ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ''روور نے لینڈر کو نیچے اتارا اور بھارت نے چاند پر چہل قدمی کی!''

بھارت کا چندریان 3، اترنے کی وقت کی تصویر
بھارتی روور پرگیان میں دو آلات نصب ہیں، جو چاند کی جنوبی سطح کے عناصر اور کیمیائی ساخت کا تجزیہ کریں گےتصویر: ISRO/newscom/picture alliance

ادارے نے ایک دوسری پوسٹ میں کہا کہ چندریان 3 اور بنگلورو میں قائم اس کے موصلاتی مرکز کے درمیان رابطہ قائم ہو گیا ہے۔ اس ٹویٹ کے ساتھ ہی اس نے چندریان کے اترنے کے دوران ویلوسیٹی کیمرے سے چاند کی سطح کی لی گئی بعض تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ 

بھارتی چاند گاڑی چاند پر نہ پہنچ پائی

اسرو کے سربراہ ایس سوم ناتھ نے کہا کہ روور میں دو آلات نصب ہیں، جو چاند کی جنوبی سطح کے عناصر اور کیمیائی ساخت کا تجزیہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روور ''روبوٹک پاتھ پلاننگ ایکسرسائز کرے گا، جو مستقبل کی دریافت کے لیے ہمارے لیے بہت اہم ہے۔''

بھارتی خلائی مشن چندریان دوئم چاند کے مدار میں پہنچ گیا

اس کا نام پرگیان ہے، جس کا سنسکرت میں مطلب ''حکمت'' ہے۔

اسرو نے لینڈنگ کے بعد لی گئی چاند کی سطح کی بعض تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ''چندریان-3 نے چاند کی سطح پر نسبتاً چپٹے علاقے کا انتخاب کیا۔''

بھارت کا خلائی پروگرام

نئی دہلی نے پہلے سے موجودہ ٹیکنالوجی کی نقل اور موافقت کر کے اپنے خلائی مشنوں کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ چندریان-3 پر تقریبا 74.6 ملین ڈالر کا خرچ آیا، جو کہ دیگر ممالک کے قمری مشنوں سے کافی کم ہے۔

اس سے قبل صرف امریکہ، چین اور سابق سوویت یونین چاند پر کنٹرول لینڈنگ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

سن 2014 میں بھارت نے مریخ کے گرد مدار میں اپنی ایک خلائی گاڑی پہنچانے کی کوشش کی تھی اور ایسا کرنے والا وہ ایشیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔ آئندہ ماہ وہ سورج کی جانب بھی اپنی ایک ریسرچ گاڑی بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ سن 2019 میں بھارت کا چندریان مشن چاند پر اترنے سے پہلے ہی ناکام ہو گیا تھا۔

اسرو سن 2024 تک زمین کے مدار میں اپنے عملے پر مشتمل ایک تین روزہ مشن کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سن 2025 میں بھارت جاپان کے ساتھ مل کر چاند کے لیے ایک مشترکہ مشن کا آغاز کرنے والا ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، نیوز ایجنسیاں)

بھارت بین الاقوامی خلائی دوڑ میں آگے کیوں بڑھ رہا ہے؟