چینی صدر شی جن پنگ کا دورہء کوسٹا ریکا
3 جون 2013چین امریکا کے زیر اثر سمجھے جانے والے اس خطے کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہواکے مطابق شی جن پنگ نے گزشتہ شب سان خوزے پہنچنے پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون جہاں ان ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا وہیں عالمی امن پر بھی اس کے مثبت اثرات ہوں گے۔
چینی صدر پیر کو ایک مصروف دن گزاریں گے۔ ان کے دورے کا آغاز اپنی ہم منصب لورا چِن چِلا کے ساتھ ملاقات سے ہوگا۔ دنوں قائدین کی اس ملاقات کے دوران باہمی تعاون کے بہت سے معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی امید ہے۔ صدر شی اپنے اس دورے کے دوران کوسٹا ریکا کی قانون ساز اسمبلی بھی جائیں گے۔ اس دوران دارالحکومت سان خوزےکے میئر کی جانب سے چینی صدر کو شہر کی چابی بھی پیش کی جائے گی۔
شی اور ان کی اہلیہ میزبان صدر چن چلا کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کے بعد دارالحکومت کے قریب واقع ایک گاؤں میں بھی جائیں گے۔ چینی صدر کی اہلیہ پنگ لی یوان، جو کہ ایک کلاسیکی گلوکارہ بھی رہ چکی ہیں، اس دورے کے دوران مرکز نگاہ بنی ہوئی ہیں۔
کوسٹا ریکا وسطی امریکا کا وہ واحد ملک ہے جس کے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں جبکہ وہاں کے اکثر ممالک تائیوان کی جانب جھکاؤ رکھتے ہیں۔ چینی صدر نے سان خوزے پہنچنے سے پہلے تیل کی دولت سے مالا مال، انگریزی زبان بولنے والے ملک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے دارالحکومت پورٹ آف اسپین میں بھی تین روزہ قیام کیا تھا۔ یہ کسی بھی چینی صدر کا پورٹ آف اسپین کا پہلا دورہ تھا۔
ٹرینیڈاڈ کی جزیرہ نما ریاست کے دارالحکومت پورٹ آف اسپین میں چینی صدر شی جِن پنگ نے میزبان ریاست کے وزیر اعظم کملا پرشاد بیسیسار کے ساتھ اپنی ملاقات میں اس ریاست کے جزیرے ٹوباگو میں زیر زمین گیس و تیل اور کوئلے کے وسیع ذخائر پر توجہ مرکوز کی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق افریقہ کے بعد اب چین بحیرہء کیربیین کے جزائر میں پائے جانے والے توانائی کے ذخائر تک رسائی کا متمنی ہے۔ اس وقت ٹرینیڈاڈ چین کو تیل کی برآمد کے سلسلے میں اہمیت رکھتا ہے اور اگلے برسوں میں صاف انرجی کی ترسیل کا بھی امکان پیدا ہو گیا ہے۔
شی جن پنگ نے پورٹ آف اسپین میں امریکی نائب صدر جو بائڈن کے ساتھ ایک سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ لاطینی امریکی اقوام کے دورے کے بعد ان کی منزل امریکا ہو گا۔ امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ چین کے صدر کی میٹنگ سات اور آٹھ جون کو ہو رہی ہے۔
zb/mm(AFP)