1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چینی ہیکرز‘ کی گوگل ای میل اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش

2 جون 2011

امکانی طور پر چین سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹر ہیکرز نے گوگل کے سینکڑوں ای میل اکاؤنٹس کو ہیک کرنے کی کوشش کی۔ ان میں سینئر امریکی سرکاری عہدیداروں کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/11SmS
سن دو ہزار دس میں گوگل اور بیجنگ حکومت کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے تھےتصویر: AP

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے مطابق سینکڑوں کی تعداد میں اس کے ای میل اکاؤنٹس کو مبینہ طور پر چین سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ہیک کرنے کی کوشش کی۔ بدھ کے روز گوگل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ جن اکاؤنٹس کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ان میں امریکی حکومت ک اعلیٰ عہدیداروں کے ای میل اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔

دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے مطابق چین کے شاندونگ صوبے میں واقع علاقے جینان سے یہ سرگرمی شروع ہوئی، جس میں ای میل اکاؤنٹس کے پاسورڈز کو چرانے کی کوشش کی گئی، تاہم اس نے اس سرگرمی کا بروقت سراغ لگا کر اس کو ناکارہ بنا دیا۔

Teaserbild Google China Zensur Aufhebung NO FLASH
چین کے شاندونگ صوبے میں واقع علاقے جینان سے یہ سرگرمی شروع ہوئی، گوگلتصویر: AP

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی عہدیداروں کے ای میل اکاؤنٹس کو ہیک کیے جانے کی کوشش کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ایک برس قبل بھی گوگل نے اپنے سسٹم پر ایک سائبر اٹیک کا سراغ لگایا تھا جس کی سرگرمی کا مرکز چین تھا۔ اس واقعے کے بعد گوگل اور بیجنگ کے درمیان تعلقات خاصے خراب ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ چین میں انٹرنیٹ اور ذرائع ابلاغ پر سرکاری کنٹرول انتہائی سخت ہے۔ گوگل نے اس واقعے کے بعد چین میں کام کرنا بند کر دیا تھا۔

ہیکنگ کے حالیہ واقعے کے بعد امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکہ نے حال ہی میں انتباہ کیا ہے کہ اس پر کسی شدید نوعیت کے سائبر اٹیک کی صورت میں وہ حقیقی نوعیت کے عسکری جواب کا حق رکھتا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں