ڈنمارک نے کیمرون کو فیفا ورلڈ کپ سے باہر کر دیا
20 جون 2010جنوبی افریقہ کے شہر پروتوریہ میں گروپ ای میں کھیلے گئے اس میچ میں، ڈنمارک نے کیمرون کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی۔ اس میچ میں کیمرون نے ابتداء میں ایک گول سے سبقت حاصل کر لی تھی، تاہم بعد میں ڈنمارک نے نہ صرف وہ سبقت ختم کی بلکہ ایک اور گول کر کے کیمرون کو اس عالمی کپ سے باہر کر دیا۔ تاہم ہار کے باوجود کیمرون کی ٹیم کا کھیل غیر معیاری ہر گز نہیں تھا۔
کیمرون نے ڈنمارک کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے لیکن بدقسمتی سے وہ بال کو گول پوسٹ کے اندر پہنچانے میں ناکام ہی رہے۔ دوسری جانب اس شکست کا ایک واضح مطلب یہ بھی ہے کہ آج ایک اور میچ میں جاپان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دینے والی ہالینڈ کی ٹیم، عالمی کپ مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل کیمرون کو جاپان کے خلاف میچ میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کیمرون کو کھیل کے آغاز کے صرف دس منٹ بعد تین مرتبہ افریقن فٹ بالر آف دی ایئر کے اعزاز کے حامل Samuel Eto'o نے برتری دلا دی تاہم بعد میں کیمرون کوئی گول نہ کر سکا۔ کیمرون کی اس برتری کو کھیل کے 33 ویں منٹ میں ڈینش ٹیم نے ختم کر دیا اور کھیل کے 61 ویں منٹ میں Rommedahl ایک اور گول کے کے ڈنمارک کو برتری دلا دی، جو کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔ اس جیت کے بعد ڈنمارک کی ٹیم کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لئے اپنے آخری گروپ میچ میں جاپان کو شکست دینا ہو گا۔
گزشتہ میچ میں جاپان کے خلاف بھی شکست سے دوچار ہونے والی کمیرون کی ٹیم کے کوچ پاؤل لے گواں نے الیگزینڈر سونگ اور گریمی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو نہ کھلانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں گھانا اور آسٹریلیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس برابری کے بعد جرمنی کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے امکانات خاصے روشن ہو گئے ہیں۔ جرمنی عالمی کپ کے گروپ ڈی میں ہے اور اس گروپ میں اسے اپنا آخری میچ گھانا کے خلاف کھیلنا ہے۔
اتوار کو عالمی کپ فٹ بال کے سلسلے میں تین میچز کھیلے جائیں گے۔ سلواکیہ کی ٹیم کا مقابلہ پیراگوائے سے ہو گا، اٹلی اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے جبکہ برازیل اور آئیوری کوسٹ کی ٹیموں کے درمیان پنجہ آزمائی ہوگی۔
رپورٹ عاطف توقیر
ادارت عاطف بلوچ