1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز: ہاکی میں بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا

11 اکتوبر 2010

کامن ویلتھ گیمزمقابلوں میں ہاکی کےایک اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو چار کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/Pamw
بھارتی کھلاڑی میچ جیتنے کے بعد خوشی میںتصویر: AP

کھیلوں کے ساتویں دن میجر دیال چند نیشنل سٹیڈیم میں روایتی حریفوں کے مابین کھیلے گئے اس میچ کو دیکھنے کے لئے انیس ہزارشائقین موجود تھے۔ ہوم گراؤنڈ اور شائقین کی داد کا بھر پورفائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ کھیل کے شروع سے ہی بھارت نے اپنے حملے شروع کئے اور پہلے بیس منٹ کے دوران ہی چار گول کر دئے جبکہ پاکستان کوئی بھی گول نہ کر سکا۔

چار گولوں کے بعد جب بھارت نے کھیل کوسست کیا اور دفاع کرنا شروع کیا تو پاکستانی کھلاڑیوں نے حملہ کیا۔ اس دوران پاکستان نے دو گول کر دئے۔ ہاف ٹائم کے بعد بھارت نے اپنی حکمت عملی بدلی اور ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے تین گول مزید کئے جبکہ پاکستانی ٹیم صرف مزید دو گول کر سکی اور یوں مقابلہ چار کے مقابلے پر سات پر اختتام پذیر ہوا۔

Flash-Galerie Indien Commonwealth Games Delhi 2010
طلائی تمغوں کی دوڑ میں آسٹریلوی ایتھلیٹس کا دستہ سب سے آگے ہےتصویر: AP

کھیل کے اختتام پر بھارتی سٹرائیکر شیوندرا سنگھ نے کہا کہ شائقین کی وجہ سے پاکستان پر دباؤ قائم رہا۔ اگرچہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ میچوں میں بھی یہی جوش وجذبہ نظر آتا ہے تاہم ہاکی دونوں ممالک کا ہی قومی کھیل ہے، اس لئے ہاکی کے مقابلوں میں اطراف کے تماشائیوں کا رویہ مختلف ہی ہوتا ہے، جو اتوار کو میجر دیال چند نیشنل سٹیڈیم میں دیدنی تھا۔ منگل کو بھارت کی ٹیم سیمی فائنل میں برطانیہ سے پنجہ آزمائی کرے گی اور کامیاب ٹیم فائنل کھیلے گی۔

دوسری طرف کھیلوں کے ساتویں دن پاکستانی پہلوانوں نے دو طلائی تمغے اپنے نام کئے۔ اظہر حسین نے پچپن کلوگرام فری سٹائل کشتی میں یہ اعزاز جیتا جبکہ محمد انعام نے 84 کلو گرام کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی۔ پہلوانی میں پاکستان نے چالیس سال بعد کوئی طلائی تمغہ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل سن 1970ء کی کامن ویلتھ گیمز میں کسی پاکستانی پہلوان نے طلائی تمغہ جیتا تھا۔

میڈل ٹیبل کی صورتحال:

ساتویں دن کے اختتام پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کا دستہ 61 طلائی جبکہ مجموعی طور پر 137 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ اس نے چاندی کے 39 جبکہ کانسی کے 37 تمغے حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

Neu Delhi Hockey Weltcup
بھارتی ٹیم کو شائقین کی بھرپور داد ملیتصویر: UNI

دوسرے نمبر پر میزبان ملک بھارت ہے،جس نے طلائی کے 29 جبکہ مجموعی طور پر 73 تمغے جیتے ہیں۔ میزبان ملک نے چاندی اور کانسی کے بھی بائیس بائیس تمغے اپنے نام کئے ہیں۔

تیسرے نمبرپر برطانیہ ہے، جس نے مجموعی طور پر اگرچہ 104 تمغے جیتے ہیں لیکن طلائی تمغوں میں صرف وہ 26 ہی اپنے نام کر سکا ہے۔ برطانوی ایتھلیٹس نے چاندی کے45 اور کانسی کے 33 تمغے جیتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں