کرسمس کےدن پیش آنے والے چند تاریخی واقعات
دنیا بھر میں موجود مسیحیت کے ماننے والے کرسمس کے موقع پر حضرت عیسیٰ کی ولادت کی خوشی نہایت عقیدت سے مناتے ہیں۔ تاہم صدیوں سے کرسمس پر پیش آنے والے چند مزید واقعات ایسے بھی اس دن سے منسوب ہیں جو یادگار ہیں۔
سورج کا خدا ، ناقابل تسخیر سورج
یسوع مسیح کی تاریخ پیدائش 25 دسمبر ہے، اس کا کوئی ثبوت نہیں۔ لیکن ان کی پیدائش کا جشن منانے کے لیے اس تاریخ کا چناؤ غالبا اس لیے کیا گیا کیونکہ اس دن پہلے سے ہی تمام بڑے مذاہب سردیوں میں سورج کی خط استوا سے دوری پر جشن مناتے تھے۔ ان میں سے ایک وہ مذہب تھا جس کی بنیاد رومن بادشاہ کی جانب سے25 دسمبر 274 ہجری کو Sol Invictus یا ناقابل تسخیر سورج خدا کے نام سے ڈالی گئی تھی۔
شارلہمین کی تاج پوشی
مغربی جرمنی سے تعلق رکھنے والے نہایت طاقتور بادشاہ، شارلہمین ، جس نے سلطانی کا تاج اپنے سر پر سجانے سے قبل ہی یورپ کو اپنے جھنڈے تلے یکجا کر رکھا تھا، اسے 25 دسمبر کو یونانیوں کا شہنشاہ منتخب کیا گیا تھا۔ شارلہمین کے دور کو خوشحالی اور مسیحیت کے فروغ کے سنہری دور کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
درجہ حرارت ماپنے کے لیے سیلسئیس کا استعمال
سویڈن سے تعلق رکھنے والے ماہر فلکیات انڈریس سیلسئیس نے پہلی بار سنٹی گریڈ تھرما میٹر کا پیمانہ ، سیلسئیس اسکیل سن سترہ سو بیالیس میں متعارف کروایا۔ تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اسے سب سے پہلے 25 دسمبر 1741 میں استعمال کیا گیا تھا۔
سفید فام شدت پسند تنظیم کا قیام
سن اٹھارہ سو پینسٹھ میں جنوبی اتحاد کی شکست کےساتھ ہی امریکہ میں جاری خانہ جنگی اختتام پذیر ہوئی۔ اسی برس 24 دسمبر کو جنوبی اتحاد کے کچھ سپاہیوں نے آپس میں ایک ملاقات کی اور Ku Klux Klan نامی ایک خفیہ سوسائٹی کی بنیاد رکھی۔یہ تنظیم سفید فاموں کی برتری کے لیے تشدد کا سہارا لینے پر یقین رکھتی ہے۔
دوران جنگ عارضی صلح
پہلی جنگ عظیم کے دوران جہاں ہر طرف موت اور تباہی رقصاں تھی وہیں کچھ ایسے لمحات بھی تھے جو امن اور امید کی شمع روشن کر رہے تھے۔ ایسا ہی ایک لمحہ 1914 میں کرسمس سے ایک دن قبل کا تھا، جب شمالی فرانس کی سرحدوں پر برطانوی اور جرمن فوجیوں کے درمیان عارضی جنگ بندی ہوئی اور دونوں دشمنوں نے مل کر کرسمس کے نغمے گائے اور کرسمس کے دن تحائف کا تبادلہ کیا۔
کابل میں کرسمس
25 دسمبر سن 1979 وہ تاریخ ہے جب سویت یونین نے افغانستان میں پہلی بار حملہ کیا اور حملے کے دو دن بعد صدر حافظ اللہ امین کو اپنے کمانڈوز کے ذریعے گرفتار کر لیا۔ یہی حملہ اس نو سالہ جنگ کی ابتدا بنا جس کا اختتام سویت یونین کی افغانستان سے واپسی پر ہوا۔
ورلڈ وائڈ ویب کی آزمائش
ابتدائی کمپیوٹر نیٹ ورک کا استعمال سن 1960 سے کیا جا رہا تھا تاہم 1990 میں کرسمس کے دن پہلی بار ورلڈ وائڈ ویب کی باقاعدہ آزمائش کی گئی۔ اس دن پہلی بار سائنسدانوں کا ویب براؤزر اور انٹرنیٹ سرور کے درمیان کامیاب رابطہ ہوا۔