1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کروشیا کی یورپی یونین میں شمولیت، پوپ کی حمایت

5 جون 2011

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے اپنے پہلے دورہ کروشیا کے موقع پر یورپی یونین میں کروشیا کی شمولیت کی کھلے الفاظ میں حمایت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/11UYa
تصویر: picture-alliance/dpa

انہوں نے زغرب میں کیتھولک مسیحیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ یورپی یونین میں شمولیت کی وجہ سے کروشیائی عوام کے اپنی شناخت کھو دینے کے خوف کو سمجھ سکتے ہیں، تاہم یورپ کو اپنی مسیحی روایات اور اساس یاد رکھنی چاہئیں۔

اس سے قبل انہیں کروشیا کے دارالحکومت زغرب پہنچنے پر ہزاروں مسیحیوں نے والہانہ انداز میں خوش آمدید کہا۔ پاپائے روم آج اتوار کے روز دوسری عالمی جنگ کے زمانے میں زغرب کے آرچ بشپAlojzije Stepinac کی قبر کا دورہ کریں گے۔

Papst zu Besuch in Kroatien
زغرب پہنچنے پر پاپائے روم کا شاندار استقبال کیا گیاتصویر: AP

دوسری جانب پوپ کے دورہ کروشیا کو تنقید کا سامنا بھی ہے۔ پوپ کے اس دو روزہ دورے پر مجموعی طور پر چھ ملین ڈالر خرچ ہوئے ہیں تاہم ویٹیکن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کروشیا کے ساتھ اس کے تعلقات ’خصوصی اہمیت‘ کے حامل ہیں۔

پوپ نے زغرب پہنچنے پر ایئرپورٹ پر اپنے بیان میں کروشیا کی یورپی یونین میں شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منطقی، منصفانہ اور ضروری عمل ہے کہ کروشیا یورپی یونین میں شامل ہو: ’’پہلے روز سے آپ کی قوم یورپ کے حصے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔ آپ صدیوں سے روحانی اور اخلاقی لحاظ سے یورپ کے بیٹوں اور بیٹیوں کی روزمرہ زندگی کی تعمیر میں اپنا حصہ ملا رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وہ بہت سے کروشیائی باشندوں کے اس خوف کو سمجھتے ہیں کہ یورپی یونین جیسے بڑے کثیر الملکی بلاک میں شمولیت سے ان کی قومی شناخت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

دریں اثناء پاپائے روم نے زغرب کے مرکزی چوک میں 25 ہزار نوجوانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں نے پوپ کے لیے اپنے والہانہ جذبات اور محبت کا اظہار کیا۔

اس تقریب میں شامل 24 سالہ Ivanko Skejic نے خبررساں ادارے AFP سے بات کرتے ہوئے کہا، ’ایک بہت خصوصی شخصیت ہمیں جذباتی تحریک کے لیے تشریف لائی ہے۔ وہ میرے لیے ایک اخلاقی مثال کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں