1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس امریکا پر ’پرل ہاربر سے بھی بدتر حملہ‘، ٹرمپ

7 مئی 2020

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے لیے یہ وبا گیارہ ستمبر کے حملوں اور دوسری جنگ عظیم کے دوران پرل ہاربر پر جاپانی حملے سے کہیں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3bsia
USA  | Freiheitsstatue mit US-Flagge
تصویر: Getty Images/D. Angerer

بدھ کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال "پرل ہاربر سی کہیں بدتر ہے۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے کہیں بدتر ہے۔ اس طرح کا حملہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ بلکل نہیں ہونا چاہیے تھا۔" انہوں نے کہا کہ چین کو چاہیے تھا کہ وائرس کو وہیں روکتا۔ لیکن ان کے بقول، "ایسا نہیں ہوا۔"

امریکی حکومت کورونا سے پیدا ہونے والے عالمی بحران کے لیے بیجنگ کو مورد الزام ٹہراتی ہے اور چین کے خلاف قانونی چارہ گوئی پر غور کر رہی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ امریکی قیادت جھوٹ بول کر اپنی نااہلیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

USA Coronavirus Donald Trump
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال "پرل ہاربر سی کہیں بدتر ہےتصویر: Reuters/C. Barria

صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس وبا کو امریکا کے خلاف اقدام جنگ سمجھتے ہیں؟ جواب میں امریکی صدر نے وضاحت کی کہ ان کی نظر میں دشمن یہ وبا ہے، نہ کہ چین۔ انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے کہا کہ، "یہ جنگ ان دیکھے دشمن کے خلاف ہے۔"

امریکا میں کورونا کے معاشی نقصانات پر گہری تشویش ہے اور مبصرین کا خیال ہے کہ اس کا صدر ٹرمپ کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔ کورونا سے پہلے صدر ٹرمپ نہایت پرامید تھے کہ ان کی معاشی کارکردگی انہیں نومبر کے صدارتی انتخاب میں دوبارہ سرخرو کرے گی۔ لیکن سیاسی مبصرین کے مطابق اس غیر متوقع بحران کے دوران لاکھوں لوگوں کی بیروزگاری اور بدحالی صدر ٹرمپ کے لیے مسئلہ بن رہی ہے۔

اس سے قبل منگل کو صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس کو ختم کرنے کا عندیہ دیا۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ لمبے عرصے تک ملک بند نہیں رکھ سکتے اور اب حکومت کی توجہ معیشت کھولنے پر ہوگی۔

امریکی صدر کا موقف ہے کہ اس سے امریکا میں کچھ لوگ بری طرح متاثر ہوں گے لیکن ان کے نزدیک کاروبار کھولنا ناگزیر ہے۔

امریکا دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، جہاں تہتر ہزار اموات ہو چکی ہيں۔ ماہرین کے مطابق اگست تک یہ تعداد دوگنا ہو سکتی ہے۔

ش ج/ ک م (ایجنسیاں)