1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وبا، مسلم ممالک میں عیدالفطر

شمشیر حیدر
24 مئی 2020

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان آج عید الفطر منا رہے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا اب تک قابو میں نہیں ہے۔ مسلم اکثریتی ممالک میں آج کورونا وائرس کی وبا کی صورت حال پر ایک نظر۔

https://p.dw.com/p/3cgqS
Coronavirus Pilger in Mekka Saudiarabien
تصویر: Reuters/G. Essa

کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں دنیا بھر کے مسلمان آج عید الفطر منا رہے ہیں۔ مسلم اکثریت ممالک کی صورت حال پر ایک نظر۔

ترکی سب سے زیادہ متاثر

مسلم اکثریت ممالک میں نئے کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ترکی میں سامنے آئے ہیں۔ ترکی میں اب تک 155,686 شہری اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

انقرہ حکومت آج عید کے روز تک ملک بھر میں 4,308 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر چکی ہے۔ گزشتہ روز ترکی میں کوورونا وائرس کے 1,186 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ مزید 32 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

مجموعی طور پر نئے کیسز کی شرح میں کمی نوٹ کی جا رہی ہے۔ اپریل کے وسط میں ترکی میں یومیہ چار ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے تھے۔

ہلاکتیں ایران میں زیادہ، صورت حال اب بھی بے قابو

ترکی کے بعد مسلم اکثریت ممالک میں سب سے زیادہ کیسز ایران میں سامنے آئے ہیں جہاں اب تک مریضوں کی تعداد 133,521 ہو چکی ہے۔

تاہم دیگر مسلم اکثریتی ممالک کے مقابلے میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی ایران میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ایران میں اب تک کووڈ انیس کے باعث 7,359 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ایک مختلف عیدالفطر، دور دور سے گلے ملیں

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایران میں کورونا وائرس کے 1,869 نئے مریض سامنے آئے جب کہ اس دوران مزید 59 ایرانی شہری ہلاک ہوئے۔

وبا کی صورت حال اب بھی قابو میں دکھائی نہیں دے رہی۔ مئی کے اوائل میں یومیہ نئے کیسز کی تعداد ہزار سے کم تک پہنچ چکی تھی، لیکن لاک ڈاؤن ختم کرنے کے بعد سے متاثرہ افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

سعودی عرب: مریضوں کی تعداد بڑھتی ہوئی

سعودی عرب میں کووڈ انیس کے نئے کیسز کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 70,161 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد تاہم نمایاں طور پر کم ہے اور اب تک 379 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں 2,442 نئے مریض رپورٹ کیے گئے۔ اس دوران 15 سعودی شہری ہلاک بھی ہوئے، جو اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ ہلاکتیں ہیں۔

پاکستان: مسلم ممالک میں چوتھے نمبر پر

مسلم اکثریتی ممالک میں سے کورونا وائرس کی وبا سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان کا شمار بھی ہوتا ہے۔

پاکستانی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 54,601 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 1,133 ہے۔

ملک کے زیادہ تر علاقوں میں لاک ڈاؤن ختم کیا جا چکا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد اب تک قابو میں نہیں آ سکی۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا کا کوئی مذہب نہیں 

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 1,587 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جب کہ مزید 32 پاکستانی کووڈ انیس کے باعث ہلاک ہوئے۔

قطر اور بنگلہ دیش

مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے قطر پانچویں نمبر پر ہے جہاں اب تک 42,213 افراد متاثر ہو چکے ہیں اور اب تک مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مریضوں کی تعداد میں تاہم بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

بنگلہ دیش میں 32,078 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں اور اب تک 542 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور گزشتہ ایک روز کے دوران 1,873 مزید کیسز سامنے آئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات اور انڈونشیا

متحدہ عرب امارات میں بھی مریضوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے اور اب تک 28,704 افراد کووڈ انیس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 244 ہو چکی ہے جن میں سے تین گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ کی گئیں۔

دنیا کے سب سے بڑے مسلم اکثریتی آبادی والے ملک انڈونیشیا میں بھی کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اب تک 21,745 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 1,351 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے لیے اعداد و شمار جانز ہاپکنز یونیورسٹی، ورلڈومیٹرز اور مختلف ممالک کی حکومتی ویب سائٹس سے حاصل کیے گئے ہیں۔