کِم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے دورے کی دعوت قبول کر لی
19 ستمبر 2018شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن نے آج بدھ انیس ستمبر کو کہا ہے کہ وہ جلد ہی جنوبی کوریائی دارالحکومت سیئول کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے حوالے سے جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا ہے کہ چیرمین کم جونگ اُن کا دورہٴ سیئول تاریخی نوعیت کا ہو گا اور یہ جزیرہ نما کوریا میں دور رس تبدیلیوں کا مظہر ہو گا۔
جزیرہ نما کوریا میں جاری مصالحتی عمل کے اس نئے دور میں شمالی کوریائی لیڈر نے اپنے ہمسایہ ملک کے صدر مون جے ان کے ساتھ مذاکراتی عمل میں اتفاق کیا کو میزائل ٹیسٹ کرنے کے مقام کو بھی بند کر دیا جائے گا۔
اس ملاقات میں تاہم شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں یا ہتھیار سازی سے دستبرداری کے معاملے پر بات چیت میں بظاہر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے لیکن اس حوالے سے مناسب طریقہ کار طے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
اس دورے کے بعد جنوبی کوریائی صدر کا کہنا ہے پیونگ یونگ کے دورے کے بعد جو امن و مصالحت کے قیام کا جذبہ بیدار ہوا ہے وہ یقینی طور پر مزید مفید مذاکراتی عمل کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے اس مذاکراتی عمل میں امریکا کو بھی شامل کیا ہے۔
شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے دورے پر جانے کی تصدیق کرتے ہوئے مزیید یہ کہا کہ جو سمجھوتا جنوبی کوریائی صدر کے ساتھ طے پایا ہے وہ یقینی طور پر لوگ کے لیے امید افزاء ہو گا اور دونوں کوریائی ملکوں کے اتحاد کی جانب بھی پیش رفت کا باعث بنے گا۔
کم جونگ اُن اگر جنوبی کوریا کا دورے کرتے ہیں تو سن 1950 سے 1953 تک کی کوریائی جنگ کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کا اولین دورہ ہو گا۔ کوریائی جنگ بظاہر ختم ہو چکی ہے لیکن جنگی صورت حال بدستور قائم ہے۔ حالیہ چند برسوں میں کوریائی جزیرہ نما میں اتحاد اور مصالحت کی کوششوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔
جزیرہ نما کوریا کے لیڈروں کی ملاقات میں اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ منقسم خاندانوں کے درمیان ملاقاتوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ تسلسل پیدا کرنا بھی اہمر ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان ریل اور سڑکوں کے نیٹ ورک کو بچھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس کی وجہ متحدہ کوریا کی جانب سے سن 2032 کے گرمائی اولمپکس کے انعقاد کی پیشکش کرنا ہے۔