1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا بھارت کی بڑھتی آبادی اس کی ترقی کی ضمانت ہے؟

7 مارچ 2023

ترقیاتی معاشیات کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ کسی آبادی کے فائدہ مند ہونے کے لیے اس کے معیار پر توجہ دینی ضروری ہے اور اس حوالے سے بھارت اپنے آپ کو بہتر بنا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4ODLo
Indien Symbolbild Bevölkerungsdichte
تصویر: Rafiq Maqbool/AP/picture alliance

کیا بھارت کی تیزی سے بڑھتی آبادی واقعی اسے تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے؟  یہ وہ بنیادی سوال ہے، جو اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بنے بھارت کے حوالے سے متعدد ذہنوں میں پایا جاتا ہیں۔

ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق گزشتہ برس کے آخر میں بھارت کی آبادی 1.4 بلین تک پہنچ گئی تھی۔ ماضی میں بھارت کی آبادی میں مسلسل ہونے والے اس اضافے کو ملکی وسائل پر دباؤ کا باعث ہونے کی وجہ سے منفی پیش رفت خیال کیا جاتا رہا ہے۔ لیکن حال ہی میں اس سوچ مین تبدیلی آئی ہے۔ اب کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی اور کم عمر آبادی ہونے کے فوائد بھی ہیں۔

لیکن کیا ایسا واقعی ہے؟

بھارت کی آبادی میں کب تک اضافہ متوقع ہے؟

ترقیاتی معاشیات کے ماہر ژاں ڈریزے کی رائے میں بھارت کے دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بننے سے اس کے لیے عملی طور پر کوئی خاص تبدیلی واقع نہیں ہو گی۔ 

 ان کی اس دلیل کو تقویت اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار سے ملتی ہے، جن کے مطابق 1964ء میں بھارت کی شرح پیدائش فی عورت اوسطاً چھ بچے تھی، جو کہ 2020ء میں کم ہو کر فی عورت 2.1 بچے ہو گئی تھی۔

Indien Corona-Pandemie Steigende Fallzahlen
ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق گزشتہ برس کے آخر میں بھارت کی آبادی 1.4 بلین تک پہنچ گئی تھیتصویر: Adnan Abidi/REUTERS

سن 2020 کی شرح 2.2 کے 'ریپلیسمنٹ ریٹ' سے کچھ ہی کم تھی، جس سے مراد ہے آبادی کے تناسب کو برقرار رکھنے کے لیے فی عورت پیدائش کی مطلوبہ شرح۔

شعبہ صحت میں بہتری اور متوقع عمر میں اضافے کے پیش نظر ماہرین کا ماننا ہے کہ اگلی کچھ دہائیوں تک بھارت کی آبادی بڑھتی رہے گی۔

ڈیٹا کی بنیاد پر کی گئی پیش گوئیوں کے مطابق 2064ء تک بھارت کی آبادی 1.7 بلین ہو جائے گی لیکن اس کے بعد اس میں یکدم خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔

اس حوالے سے امریکی ادارے انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلیوایشن نے پیش گوئی کی ہے کہ اس صدی کے آخر تک بھارت کی آبادی گھٹ کہ دوبارہ ایک بلین ہو جائے گی۔

اس ڈیٹا اور تخمینوں کی روشنی میں ژاں ڈریزے کہتے ہیں کہ وہ بھارت میں آبادی کا بحراننمودار ہوتا نہیں دیکھ رہے۔ ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، "اس تمام عرصے میں بھارت (آبادی کے لحاظ سے) ایک بڑا ملک رہا ہے اور اس کے باوجود اس کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سست رفتاری سے ہی صحیح مگر یہاں لوگوں کے حالات زندگی بہتر ہو رہے ہیں اور اس کی آبادی میں اضافہ بھی زیادہ عرصے جاری نہیں رہے گا۔"

Indien | Infrastruktur | Zugverkehr
شعبہ صحت میں بہتری اور متوقع عمر میں اضافے کے پیش نظر ماہرین کا ماننا ہے کہ اگلی کچھ دہائیوں تک بھارت کی آبادی بڑھتی رہے گیتصویر: Indranil Aditya/NurPhoto/picture alliance

اقتصادی ترقی اور برتری

کئی افراد کا یہ بھی ماننا ہے کہ چونکہ بھارت کی نصف سے زیادہ آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، اس کی اقتصادی ترقی کی صلاحیت دوسروں سے برتر ہے۔

لیکن ژاں ڈریزے اس رائے کو مبالغہ قرار دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بغیر آمدنی والے بچوں اور بزرگوں کے روزگار والے افراد پر انحصار کی شرح پچھلی کچھ دہائیوں میں کافی کم ہوئی ہے اور اب اس میں زیادہ کمی واقع نہیں ہوگی۔ تو بھارت کی  اقتصادی ترقی کی صلاحیت کے لحاظ سے برتری کے پیچھے کارفرما عوامل مزید کارآمد نہیں رہیں گے۔ 

ژاں ڈریزے نے کہا، "ہم اس دور سے گزر چکے ہیں۔ عنقریب مستقبل میں بچے تو شاید زیادہ نہ ہوں لیکن بزرگ افراد کے دوسروں پر انحصار کی شرح میں اضافہ ہوگا۔"

NUR FÜR DW AKADEMIE | Indien Kolkata homeless
بھارت میں آبادی تو بڑھ ہی رہی ہے لیکن معاشی عدم مساوات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہےتصویر: Andrea Zangrilli/Travel Wild/stock.adobe.com

معیار مقدار سے زیادہ اہم

گزشتہ 70 برسوں میں بھارت کی آبادی میں ایک بلین افراد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے لیکن صحت کے بنیادی ڈھانچے میں اسی تناسب سے بہتری نہیں دیکھی گئی ہے۔ چناچہ لوگوں کے طبی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ بھارت میں آبادی تو بڑھ ہی رہی ہے لیکن معاشی عدم مساوات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ بھارت کی آبادی میں اضافے کا باعث بننے والے علاقوں میں سے اکثر دیہی یا پسماندہ ہیں لیکن جن افراد کی آمندی میں اضافہ ہو رہا ہے ان میں سے زیادہ تر شہروں میں مقیم ہیں۔

اسی طرح بھارت کی 65 فیصد آبادی نے اسیکنڈری اسکولوں میں تعلیم حاصل کی ہے لیکن ان میں سے صرف ایک چوتھائی افراد اعلی تعلیم کے لیے جامعات اور کالجوں میں داخلہ لیتے ہیں۔

بھارت کی آبادی کا ایک بڑا حصہ غذائیت کی کمی کا شکار، غیر ہنر مند اور پسماندہ بھی ہے، جس کا مطلب ہے وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔ وہاں روزگار کی شرح میں بھی 2005ء سے بتدریج کمی ہو رہی ہے اور فی کس آمدنی (پر کیپٹا انکم) جی ٹوئنٹی ممالک میں سب سے کم ہے۔

سن 2020 کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت کی 70 فیصد آبادی صحت مند غذا خریدنے کے وسائل نہیں رکھتی اور یہ ملک آبادی کی خوشی، آزادی صحافت اور خواتین و اقلیتوں کے تحفظ کے لحاظ سے بھی دوسرے ممالک سے کافی پیچھے ہی۔

اس بنا پر ژاں ڈریزے کہتے ہیں، "زیادہ آبادی ہونا ایک بات ہے، لیکن اس آبادی کے فائدہ مند ہونے کے لیے ہمیں اس کے معیار پر توجہ دینی ہوگی۔ اور اس حوالے سے بھارت اپنے آپ کو بہتر بنا سکتا ہے۔"

ماہما کپور (م ا، ع ب)