1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل چین کو جلد ہی ’گوگلی‘ کر سکتا ہے

19 مارچ 2010

امریکی انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اپریل سے چین میں اپنی تمام سرگرمیاں بند کر سکتا ہے اور اس سلسلے میں آئندہ ہفتے ایک رسمی اعلان بھی متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/MWVg
تصویر: picture-alliance/ dpa

چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق گوگل انتظامیہ اور چینی حکام کے مابین ’سنسرشپ اور ہیکنگ‘ سمیت کئی دیگر انٹرنیٹ معاملات پر زبردست اختلافات ہیں۔ جمعہ کے روز ’چائنا بزنس نیوز‘ نامی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہےکہ گوگل آئندہ ماہ کی دس تاریخ سے چین میں اپنا کاروبار مکمل طور پر بند کر سکتا ہے۔

China Google in Peking und chinesische Flagge
گوگل کا بیجنگ میں قائم دفترتصویر: AP

چائنا بزنس نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے:’’ہمیں اپنے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گوگل چین سے دس اپریل کو چلا جائے گا، لیکن گوگل انتظامیہ نے تا حال اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔‘‘ اخبار نے گوگل کے ایک سٹاف ممبر کا حوالہ دیا تاہم اس کا نام خفیہ رکھا ہے۔ اس اخباری رپورٹ میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا گوگل چین میں اپنے تمام آپریشنز بند کرے گا یا نہیں۔

چین میں گوگل کی خاتون ترجمان مارشا وانگ نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ وانگ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ فی الحال چین میں گوگل آپریشنز کے سلسلے میں کمپنی کا کوئی اَپ ڈیٹ نہیں ہے۔

گوگل کو شکایت ہے کہ چین میں ہیکرز حقوق انسانی کے چینی کارکنوں کے گوگل میل اکاوٴنٹس تک غیر قانونی طریقے سے رسائی حاصل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گوگل کو چین کے اندر سخت انٹرنیٹ قوانین اور سنسر شپ ضوابط پر بھی اعتراضات ہیں۔ ان معاملات کا اثر چین اور امریکہ کے تجارتی تعلقات پر بھی پڑا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں