یورو کپ فٹ بال، جرمنی نے اٹلی کو پچھاڑ دیا
3 جولائی 2016میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے خاصا دفاعی انداز اپنایا، جب کہ دوسرے ہاف میں جرمنی نے اٹلی پر ایک گول سے سبقت حاصل کر لی۔ جرمنی کی جانب سے میچ کے 65ویں منٹ یہ گول مسعود اوزیل نے کیا۔ تاہم اس کے کچھ ہی دیر بعد ڈی میں جیرومی بوآٹنگ کے ہینڈبال کی وجہ سے اٹلی کو پنیلٹی ملی، جس سے مقابلہ ایک ایک گول سے برابری پر آ گیا۔
اس کے بعد میچ کے مقررہ وقت کے خاتمے تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ دونوں ٹیمیوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف تابڑتوڑ حملوں کے باوجود کوئی بھی کھلاڑی بال کو گول میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوا۔ تیس منٹ کے اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنیلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پنیلٹی شوٹ آؤٹ پر جرمن ٹیم کی اب تک کی یہ بدترین کارکردگی تھی، جس کے تین اسٹار کھلاڑیوں مسعود اوزیل، تھوماس میولر اور کپتان باستیان شوائن اشٹائیگر نے اپنی پنیلٹی ضائع کر دی۔
دوسری جانب اطالوی ٹیم کی جانب سے لگائی گئی پنیلٹیز بھی وقفے وقفے سے ضائع ہوتی رہیں، جس کی وجہ چاک و چوبند جرمن گول کیپر مانویل نوئیر بھی تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پنیلٹی کِک بھی 18 تک جا پہنچیں، جس کا نتیجہ جرمنی کے چھ اور اٹلی کے پانچ گول کی صورت میں نکلا۔
جرمن کوچ ژوآخم لوو کے مطابق، ’’مسعود اوزیل نے گول کیا، تو ایک طرح سے لگ رہا تھا کہ اب یہ میچ ہم آسانی سے جیت جائیں گے۔ تاہم بوآٹینگ کے ہینڈبال نے صورت حال تبدیل کر دی۔‘‘
آج اتوار کے روز فرانس اور انگلینڈ کو غیرمتوقع طور پر شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم، آئس لینڈ کے درمیان کوارٹر فائنل مقابلہ ہو گا۔ اسی مقابلے کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں عالمی چیمپیئن جرمنی کا مقابلہ کرے گی۔
اس سے قبل ہونے والے کوارٹر فائنل مقابلے میں ویلز نے بھی غیرمتوقع طور پر بیلجیم کی مضبوط ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ جب کہ پرتگال بھی پولینڈ کو پنیلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچ چکا ہے۔