1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کے نئے وزیراعظم سِپراس کی کابینہ کا اعلان

عابد حسین27 جنوری 2015

مالی مشکلات کے شکار ملک یونان کے نئے وزیراعظم الیکسِس سِپراس نے اپنی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے۔ دریں اثناء عالمی مالیاتی ادارے نے نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رکھنے کا کہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ERGe
سپراس اپنے وزیر خزانہ یانِس واراؤ فاکس کے ہمراہتصویر: picture-alliance/AP Photo/InTime News/G. Liakos

الیکسِس سپراس نے منصبِ وزراتِ عظمیٰ سنبھالنے کے ایک دِن بعد اپنی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے۔ کابینہ میں سیریزا پارٹی کے سینئر رہنما یانِس دراگاساکِس کو نائب وزیراعظم بنایا گیا ہے۔ نئے وزیراعظم بھی ماہر اقتصادیات ہیں اور اُن کی ذمہ داریوں میں وزارت خزانہ سے منسلک تمام ذیلی وزارتوں کے امور کی نگرانی بھی ہے۔ وزیراعظم سِپراس کے قریبی مشیر اور ساتھی نِکوس پاپاس کو وزیر مملکت بنایا گیا ہے اور یہ وزیراعظم کے چیف آف اسٹاف کے مساوی ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ نئے نائب وزیراعظم دراگاساکِس یونان کو بیل آؤٹ پیکج کے دائرے میں لانے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔

یونان کی بائیں بازو کی مخلوط حکومت میں شامل قدامت پسند جماعت انڈیپینڈٹ گریک پارٹی (ANFL) کے سربراہ پانوس کامینوس کو وزارتِ دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے لیے وزیراعظم نے معروف اکانومسٹ یانِس واراؤ فاکس کو منتخب کیا ہے۔ واراؤ فاکس کئی ملکوں کی یونیورسٹیوں میں اقتصادیات پڑھاتے رہے ہیں۔ ان ملکوں میں برطانیہ، امریکا، آسٹریلیا، سویڈن اور یونان شامل ہیں۔ وزیراعظم نے وزارتِ ترقیات، ماحولیات، داخلہ اور پبلک ورکس کے دائرے اور اختیار کو وسیع کر دیا ہے۔ اِس کے علاوہ کابینہ کے حجم کو بھی مختصر کر دیا ہے۔ یہ تعداد اُنیس سے کم کرتے ہوئے گیارہ کر دی گئی ہے۔

Giannis Dragasakis Wirtschaftsminister Archiv 19.01.2015 Athen
سینئر رہنما یانِس دراگاساکِس کو نائب وزیراعظم بنایا گیا ہےتصویر: AFP/Getty Images/A. Messinis

یورو زون کے وزرائے خزانہ کی کمیٹی کے سربراہ ولندیزی وزیر خزانہ ژرُون ڈیشل بلُوم نے بتایا ہے کہ وہ اِسی جمعے کو یونان پہنچیں گے اور وہ ایتھنز میں نئے وزیراعظم الیکسِس سپراس سے ملاقات کریں گے۔ ڈیشل بلُوم کے مطابق یہ دورہ اور ملاقات ایک دوسرے کی آگہی کے لیے ہے۔ وہ یونان کی نئی حکومت کے وزیر خزانہ کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ اِس سے قبل ہالینڈ کے وزیر خزانہ نے حکمران سیریزا پارٹی کے سینیئر لیڈر اور وزیر خزانہ یانِس واراؤ فاکس سے پندرہ منٹ تک ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ گفتگو کے بعد ڈیشل بلُوم کا کہنا تھا کہ قرضوں کو معمولی رقم کے عوض ختم کرنے کو یورو زون میں حمایت حاصل ہونا بہت مشکل ہے۔ اِس کے علاوہ ڈچ وزیر خزانہ کے مطابق اگر سپراس حکومت قرضے کی شرائط پر عمل نہیں کرتی تو یورو زون میں اُس کی پوزیشن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

یونان میں بائیں بازو کی حکومت کے قائم ہونے کے بعد پہلی غیر ملکی شخصیت یورپی پارلیمنٹ کے سوشل ڈیموکریٹ سربراہ مارٹن شُلز ہیں، جو آئندہ جمعرات کو ایتھنز پہنچ رہے ہیں۔ اسی دوران انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی جانب سے سپراس حکومت کو شاخِ زیتون پیش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ یونان کی مالی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ کا کہنا ہے کہ وہ نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رکھنا چاہتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر نئے وزیراعظم اپنے وعدوں کے مطابق عوام کو معمولی سا بھی ریلیف دینے میں کامیاب رہے تو معاشی چکی میں پسنے والے یونانیوں کے حالات تبدیل ہو جائیں گے۔