100 کلوگرام وزنی سونے کے سکے کی تلاش میں چھاپے
12 جولائی 2017100 کلوگرام وزن کا سونے کا یہ سکہ رواں برس 27 مارچ کو برلن کے بوڈے میوزیم سے چوری ہو گیا تھا۔ یہ عجائب گھر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی رہائش گاہ کے قریب ہی واقع ہے۔
’’بِگ میپل لیف‘‘ نامی یہ یادگاری سونے کا سکہ کینیڈا کی شاہی ٹکسال نے 2007ء میں جاری کیا تھا۔ اس سکے پر ملکہ الزبتھ کی شبیہ بنی ہوئی ہے اور اس کی قدر ایک ملین کینیڈین ڈالر درج ہے جو قریب ساڑھے سات لاکھ امریکی ڈالرز کے قریب بنتی ہے۔ تاہم سونے کی موجودہ قیمت کے اعتبار سے اس کی قیمت چار ملین امریکی ڈالرز کے برابر ہے۔ دنیا میں اس طرح کے صرف پانچ سکے موجود ہیں اور برلن کے میوزیم میں رکھا گیا یہ سکہ انہی میں سے ایک تھا۔
قریب 300 پولیس اہلکاروں نے دارالحکومت برلن کے علاقے ’’نوئے کؤلن‘‘ میں آج بدھ 12 جولائی کو علی الصبح دو اپارٹمنٹس اور ایک جیولرز کی دکان پر چھاپے مارے اور اس دوران دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے رواں ماہ جولائی کے آغاز میں نگرانی والے کیمروں کی ویڈیو فوٹیج جاری کی تھی جس میں تین مشتبہ چور گہرے رنگ کا لباس پہنے ہوئے اور اپنے چہروں کو ٹوپیوں سے چھپائے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق جن دو افراد کو آج بدھ کے روز گرفتار کیا گیا ہے وہ فوٹیج میں نظر آنے والے تین مشتبہ افراد میں شامل تھے۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج مارے جانے والے چھاپوں کا مقصد اس چوری سے متعلق شواہد کو بچانا تھا۔
100 کلوگرام وزنی سونے کا یہ سکہ برآمد ہوا ہے یا نہیں پولیس کی طرف سے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔