1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

19سالہ جرمن لڑکی یورو وژن مقابلے کی فاتح

30 مئی 2010

19 سالہ جرمن لڑکی لینا نے اوسلو میں ہونے والے 55 ویں یوروویژن مقابلہ ء گلوکاری میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/Ncyz
تصویر: AP

ہفتے کی شب انہوں 24 یورپی ملکوں کے گلوکاروں کو شکست دے کر یہ اعزاز جرمنی کے لئے حاصل کیا۔

مقابلے کے فائنل میں انہیں برطانوی طرز کے پاپ گیت ’’سیٹیلائیٹ‘‘ گانے پر بہترین گلوکارہ کا اعزاز دیا گیا۔ اس پروگرام کو یورپ بھر کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پروگرام بھی کہا جاتا ہے۔

55 ویں یورو ویژن مقابلے کی فاتح لینا جرمنی کی طرف سے ایسی دوسری گلوکارہ ہیں، جنہیں یورپ بھر سے اس مقابلے میں شریک گلوکاروں پر فتح حاصل ہوئی۔ ایک غیر معروف گلوکارہ لینا کو جرمنی میں اس وقت پہچانا جانے لگا تھا، جب انہوں نے اس مقابلے کا کوالیفائینگ راؤنڈ جیت کر حتمی مقابلے میں اپنی جگہ بنائی تھی۔

Lena Flash-Galerie
لینا کے جادوئی شخصیت نے بھی اس جیت کی راہ ہموار کیتصویر: picture alliance/dpa

انہوں اس آخری مقابلے میں اوسلو کے ایک بہت بڑے کراؤڈ کے سامنے پرفارم کیا اور ان کی بہترین گلوکاری کے ساتھ ساتھ توانا آواز اور شخصیت کے جادو نے اس مقابلے کی جیت میں ان کی راہ کچھ اور بھی ہموار کر دی تھی۔

اسٹیج پر لینا کے نام سے شہرت پانے والی اس جرمن گلوکارہ کا پورا نام لینا مائر لانڈروٹ ہے۔ لینا نے اس جیت کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا : ’’یہ ایک ناقابل یقین موقع ہے، مجھے یوں لگ رہا ہے، جیسے یہ حقیقت نہیں۔ مجھے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔‘‘

یورو ویژن نامی اس مقابلے کو گزشتہ برس 124 ملین افراد نے دیکھا تھا۔ یورپین سونگ چیمپیئن شپ کہلانے والے اس مقابلے میں عموما غیر معروف یورپی گیت گائے جاتے ہیں۔

ماضی میں اس مقابلے میں باقاعدہ پیشہ ور گلوکار شریک ہوتے رہے ہیں تاہم اس بار اس مقابلے کی فاتح لینا نے گلوکاری کی کوئی باقاعدہ تربیت بھی نہیں لی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف