2020ء میں جرمنوں کےکیا ارادے ہیں؟
نئے سال کے موقع پر کوئی ایک ارادہ کرنا اور دوستوں یا احباب کو اس سے مطلع کرنا اب ایک عام رویہ بن چکا ہے۔ ایک سروے کے مطابق جرمن شہریوں نے درج ذیل ارادوں پر عمل کرنے کا اظہار کیا ہے:۔
غیر ضروری سٹریس کو دور رکھنا اہم ترین
سب سے زیادہ افراد نےسوچا ہے کہ وہ سن 2020 کے دوران غیر ضروری اعصابی دباؤ یا اسٹریس سے بچنے کی کوشش کریں گے کیونکہ ایسے اعصابی دباؤ کے بے بہا منفی اثرات ہوتے ہیں۔ یہ سروے رپورٹ ایک ہیلتھ انشورنس کمپنی ڈی اے کے نے مرتب کی ہے۔
خاندان اور دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت صرف کرنے کی تمنا
بہت سارے لوگوں نے2020ء کے دوران شام کو منعقد کی جانے والی تقریبات سے اجتناب کرنے کو اہم قرار دیا ہے۔ ایسے لوگوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ نئے سال کے دوران زیادہ وقت اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ صرف کریں گے۔ یہ جرمن لوگوں کی بیان کردہ دوسری اہم ترین ریزولیوشن ہے۔
ماحول دوستی بھی ترجیحات میں شامل
رواں برس کے لیے تیسرا سب سے مقبول ارادہ ماحول دوستی سے جڑا ہے۔ جرمن عوام کو ماحولیاتی تبدیلیوں کی فکر لاحق ہو گئی ہے۔ وہ اپنے دوستوں اور احباب کے ساتھ ساتھ حکومت کے ساتھ ماحول دوستانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا عملی ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ ریزولیوشن سن 2019 کے پہلے بارہ ذاتی ارادوں میں شامل نہیں تھی۔
متحرک و فعال ہونا بہت ضروری ہے
جرمن عوام نے سن 2020 میں اسپورٹس یا صحت مندانہ سرگرمیوں میں زیادہ شریک ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ چون فیصد جرمن عوام کا کہنا ہے کہ وہ صرف چار مہینے اپنی نیو ایئر ریزولیوشن پر عمل پیرا ہو سکتے ہیں اور پھر کاہلی و سستی شامل ہونے لگتی ہے۔
اپنی ذات کی نشو و نما کی ضرورت
جرمن عوام کی ایک بڑی تعداد نے رواں برس کے دوران اپنی ذات پر توجہ مرکوز کرنے کی تمنا کی ہے۔ ان لوگوں کے مطابق جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ سوچ کو بھی مثبت بنانا ضروری ہے اور اس کے لیے ذہنی مشقوں پر عمل کرنا اہم قرار دیا ہے۔
صحت مندانہ خوراک خوری
جرمن عوام نے سن 2020 کے دوران اچھی اور صحت مند خوراک کے استعمال کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق کم سوڈیم، کم پروٹین، گلوٹن فری اور سبزی و پھل وغیرہ کا زیادہ استعمال بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ایسی خوراک سے جسم صحت مند اور سوچ بہتر رہے گی۔ ترپن فیصد عوام صحت مندانہ خوراک خوری پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔
وزن کم کرنے کی کوشش میں اضافہ
موٹاپا ایک وبا کی طرح پھیل رہا ہے۔ جرمن عوام کو بھی وزن بڑھنے کے مسئلے کا سامنا ہے۔ چھتیس فیصد جرمن رواں برس کے دوران زائد وزن کو کم کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ وزن کم کرنے کے لیے ایک ٹائم ٹیبل کو بھی مرتب کرنے کی کوشش کریں گے۔
پیسا بچانے کا خواب
نئے سال کے ارادوں میں جرمنوں کی ایک بڑی تعداد نے پیسے کی بچت کو بھی اہم خیال کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شاپنگ سے اجتناب کی خواہش پر عمل کریں گے۔ یورپی اقتصادی تنظیم او ای سی ڈی کے مطابق بارہ مختلف یورپی ممالک کے لوگ غیرضروری خریداری کرتے ہیں۔ ان میں ہالینڈ، ڈنمارک، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور ناروے اہم ہیں۔ اکتیس فیصد جرمن بچت کی خواہش رکھتے ہیں۔
انٹرنیٹ پر وقت کم کرنے کا عزم
نئے سال کی ایک اور ریزولیوشن میں انٹرنیٹ پر کم وقت صرف کرنا بھی شامل ہے۔ عام تاثر ہے کہ انٹرنیٹ نشے کی کیفیت بن چکی ہے۔ ستائیس فیصد جرمن عوام نے یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ سن 2020 کے دوران انٹرنیٹ سے دوری اختیار کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹیلی وژن کم دیکھنے کی سوچ
جرمن عوام کی ایک بڑی تعداد نے خواہش ظاہر کی ہے کہ انٹرنیٹ کی طرح ٹیلی وژن بھی کم دیکھنے کی عادت اپنائی جائے گی۔ اس طرح خاندان اور دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا ممکن ہو گا۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ اور ٹیلی وژن سے دوری اختیار کرنے سے جو وقت حاصل ہو گا، اس میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو اپنانا آسان ہو گا۔
شراب کم پینے کا ارادہ
پندرہ فیصد جرمن لوگوں نے شراب پینے میں کمی لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ جرمنی دنیا کا وہ چوتھا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بیئر پی جاتی ہے۔ پہلے تین ملکوں میں چیک جمہوریہ، آسٹریا اور نمیبییا شامل ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پولینڈ کے لوگ بھی بیئر پینے میں پیچھے نہیں۔
تمباکو نوشی ترک کرنے کی خواہش
سن 2020 میں جرمن عوام کی وہ ریزولیوشن بارہویں مقام پر ہے، جس میں تمباکو نوشی کو کم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ گیارہ فیصد جرمن شہریوں نے تمباکو نوشی یا سگریٹ کم پینے کو اہم قرار دیا ہے۔ ان افراد کا خیال ہے کہ تمباکو نوشی ترک کرنا ایک انتہائی مشکل عمل ہے۔