1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

75 سال بعد جرمنی میں پہلی خاتون رابی کی تقرری

5 نومبر 2010

جرمنی میں یہودی کمیونٹی نے سن 1935ء کے بعد پہلی مرتبہ کسی خاتون کو رابی کے منصب پر فائز کر دیا ہے۔ 31 سالہ علینا ٹرائیگر کو وہ تمام حقوق حاصل ہوں گے، جو ان کے مرد ساتھیوں کو حاصل ہیں۔

https://p.dw.com/p/PzCC
علینا ٹرائیگرتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری عالمی جنگ کے بعد علینا ٹرائیگر Alina Treiger وہ پہلی خاتون بن گئی ہیں، جنہیں یہودیوں کے اس مذہبی عہدے پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ جمعرات کو برلن میں واقع پیٹسا لوٹسی نامی ایک معبد خانے یا سائناگوگ میں جذباتی تقریب کے دوران علینا کو اس رتبے پر فائز کیا گیا۔ اس تقریب میں یورپ کے معتبر یہودی مذہبی رہنماؤں کے علاوہ جرمن صدر کرسٹیان وولف نے بھی شرکت کی۔

یوکرائن میں پیدا ہونے والی علینا نے برلن میں واقع ابراہم گائگر کالج سے تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ اولڈن بیرگ اور ڈیلمن ہورسٹ نامی علاقوں میں سکونت پذیر یہودی کمیونٹی کے لئے خدمات سر انجام دیں گی۔

علینا نے ڈوئچے ویلے ریڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’ میرے لئے یہ ضروری ہے کہ جرمنی میں مقیم یہودی اپنا ایک مثبت تشخص قائم کرنے کے قابل ہوں۔‘ لبرل یہودی علینا نے کہا کہ جرمنی میں یہودیوں کے تشخص کو صرف ہولو کوسٹ سے ہی نہیں جوڑا جانا چاہئے۔’ میں بہت خوش ہوں۔ ایک عورت کے لئے یہ معمول کی بات نہیں ہے کہ وہ رابی بنا دی جائے، میں بچپن میں سمجھتی تھی کہ یہ ایک ناممکن بات ہے۔‘

Rabbinerin Alina Treiger Flash-Galerie
رابی بننے کے بعد علینا ٹرائیگرتصویر: dapd

علینا اب صرف مذہبی تعلیم ہی نہیں دیں گی بلکہ وہ شادیاں بھی کروا سکیں گی اور تدفین بھی۔ اس کے علاوہ ان کے پاس یہ حق بھی ہوگا کہ وہ رابیوں کی عدالت میں بھی بیٹھ سکیں۔

پچھتربرس قبل رگینا یوناس کو جرمنی میں پہلی خاتون رابی بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ برلن سے تعلق رکھنے والی یوناس سن 1944ء میں اس وقت کے مقبوضہ پولینڈ کے ایک نازی اذیتی کیمپ میں ہلاک کردی گئی تھیں۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمنی میں یہودیوں کی تعداد انتہائی کم ہو گئی تھی تاہم اب ایک مرتبہ پھر وہاں کم ازکم دو لاکھ یہودی آباد ہو چکے ہیں۔ سن 1933ء میں نازی رہنما ہٹلر کے اقتدار میں آنے سے قبل جرمنی میں یہودیوں کی آبادی کوئی پانچ لاکھ 70 ہزار تھی۔ جرمنی کو یہودی دودھ اور شہد کی سرزمین کا مرتبہ دیتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید