یوکرین پر فوجی حملے کے بعد روس کے خلاف ثقافتی پابندیاں
گیتوں کے یورو وژن نامی یورپی مقابلے سے لے کر کان فلمی میلے تک، بین الاقوامی ثقافتی حلقے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد روسی فنکاروں کی بیرون ملک ثقافتی سرگرمیاں اور تقریبات منسوخ کر کے احتجاج کر رہے ہیں۔
کان فلمی میلے نے روسی مندوبین پر پابندی لگا دی
کان فلم فیسٹیول کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس کے سرکاری وفود یا ماسکو حکومت سے منسلک افراد کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔ گلاسگو اور سٹاک ہوم سمیت متعدد شہروں میں ہونے والے فلمی میلوں کے منتظمین بھی اسی طرح کا ردعمل ظاہر کر رہے ہیں۔ لوکارنو فلم فیسٹیول نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بائیکاٹ میں شامل نہیں ہو گا، جب کہ ڈونباس کے علاقے میں 2014ء کے تنازعے کے بارے میں وینس میں ایک فلم کی مفت نمائش کی جائے گی۔
روس یورو وژن مقابلے میں شرکت نہیں کر سکے گا
یورپی براڈکاسٹنگ یونین (ای بی یو)، جو گیتوں کے یورپی مقابلے یورو وژن کا اہتمام کرتی ہے، نے کہا ہے، ’’یوکرین میں غیر معمولی بحران کی روشنی میں اس سال کے مقابلے میں روس کی شمولیت سے اس مقابلے کی بدنامی ہو گی۔‘‘
اوپرا ہاؤسز نے بالشوئی بیلے کو روک دیا
لندن کے رائل اوپرا ہاؤس نے ماسکو کے بالشوئی بیلے کی پرفارمنس منسوخ کر دی ہے۔ میٹروپولیٹن اوپیرا کا ’لوہینگرِن‘ بھی، جو بولشوئی کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا، نیو یارک اوپرا ہاؤس کے روس نواز فنکاروں کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کے فیصلے سے متاثر ہو گا۔
ویلری گیرگییف کے کنسرٹس بھی منسوخ
بہت سے روسی فنکاروں نے یوکرین پر روسی فوجی حملے کی مذمت کی ہے۔ لیکن میونخ آرکسٹرا کے کنڈکٹر کو دیے گئے الٹی میٹم کے باوجود ویلری گیرگییف اپنے دوست پوٹن کی قیادت میں جاری یوکرین کے خلاف جنگ پر خاموش رہے۔ یکم مارچ کو جرمنی کے اس آرکسٹرا نے اپنے چیف کنڈکٹر کو برطرف کر دیا۔ یورپ اور امریکہ میں بھی ان کے متعدد کنسرٹس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
روسی فنکار وینس بیےنالے سے بھی باہر
وینس بیےنالے جو 23 اپریل سے شروع ہو رہا ہے، اس کی روسی نمائش کے فنکاروں اور کیوریٹر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’’میزائلوں سے شہریوں کی ہلاکت کے خلاف اور جنگ مخالف روسی مظاہرین کے احتجاج کی حمایت میں روسی پویلین بند رہے گی۔‘‘
ہالی ووڈ نے روس میں فلموں کی ریلیز روک دی
ڈزنی کے بعد، وارنر برادرز، سونی، پیراماؤنٹ پکچرز اور یونیورسل اسٹیوڈیوز نے بھی روسی سینما گھروں میں نئی فلموں کی ریلیز روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ’دا بیٹ مین‘ چار مارچ کو روس میں ریلیز ہونے والی تھی۔ ڈزنی کی پکسار اینیمیٹڈ فلم ’ٹرننگ ریڈ‘ اور پیراماؤنٹ پکچرز کی ’دا لاسٹ سٹی‘ کی ریلیز بھی روک دی گئی ہے۔
روس میں کنسرٹ کی منسوخی
نک کیو کا کہنا ہے، ’’یوکرین، ہم آپ کے ساتھ اور روس میں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس وحشیانہ اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔‘‘ اس آرٹسٹ نے روس میں ہونے والے اپنے کنسرٹس منسوخ کر دیے ہیں۔ فرانس فرڈینانڈ، دی کِلرز، اِگی پاپ اور گرین ڈے سمیت بہت سے دیگر میوزک بینڈز اور گروپوں نے بھی روس میں اپنے شو منسوخ کر دیے ہیں۔