1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آئندہ پانچ برسوں میں کم از کم 15 مزید عمدہ فلمیں بناؤں گا‘

کشور مصطفیٰ30 اکتوبر 2015

دو عشروں سے فلموں کے شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کے درخشاں ستارے شاہ رُخ خان دو نومبر کو 50 برس کے ہو جائیں گے۔ اپنے مداحوں سے شاہ رُخ نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران وہ 15 عمدہ فلمیں بنائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1GxAO
تصویر: Getty Images/AFP

بکھرے بال، پریشاں زُلفیں، پھیلی ہوئی باہیں، گہری مسکراہٹ، لبوں پر ایک گیت۔ یہ ہے ٹریڈ مارک اس بالی ووڈ اسٹار کا جس کی 50 ویں سالگرہ آنے والی ہے مگر وہ اس طرف سے لاپروا نظر آ رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بھارت کے اندر اور بیرون ملک دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اپنے کروڑوں مداحوں کو یقین دلایا کہ اُن کی مزید فلمیں آئندہ سالوں میں شائقین کی مزید دلچسپی کا باعث بنیں گی۔

شاہ رُخ خان کے بقول،’’ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں 50 سے 55 سال تک کی عمر کے دوران 15 م‍زید عمدہ فلمیں بناؤں گا۔ ان میں پاپولر،غیر روایتی، دیوانی فلمیں اور۔۔۔۔۔ بہت کچھ ہو گا۔ میں مرنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ فلمیں بنانا چاہتا ہوں۔‘‘۔ شاہ رُخ خان کے ان بیانات کا حوالہ حال ہی میں نیوز ایجنسی IANS نے دیا تھا۔

Szenenbild aus dem Film Solange ich lebe
شاہ رُخ خان اب تک 80 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کر چُکے ہیںتصویر: www.yashrajfilms.com

اداکاری کا جنونی نئی دہلی سے تعلق رکھنے والا یہ لڑکا اُسی طرح ممبئی پہنچا تھا جس طرح بہت سے دیگر نوجوان بالی ووڈ میں اپنا کیرئیر بنانے کی خواہش میں ممبئی آیا کرتے ہیں تاہم تمام پچھلے ریکارڈ توڑتے ہوئے شاہ رُخ خان سالانہ سینکڑوں فلمیں تیار کرنے والی بھارت کی تیز رفتار فلمی صنعت کی ایک ایسی کامیاب شخصیت بن گیا، جس کی مثال دینا بھر میں دی جاتی ہے۔

شاہ رُخ 80 کی دہائی میں بھارتی ٹیلی وژن کے ڈراموں میں اداکاری کیا کرتے تھے۔ 1992 ء میں ان کی پہلی فلم دیوانہ ریلیز ہوئی۔ اُس کے بعد شاہ ُرخ خان نے رومانوی فلموں کی لائن لگا دی، جو ایک سے بڑھ کر ایک ثابت ہوئیں۔ جس فلم نے شاہ رُخ کو ہر عمر کے شائقین میں بہت زیادہ مقبولیت دی، وہ تھی اُن کی مشہور فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘۔ یہ وہ فلم ہے جس کے ممبئی کے تھیٹرز میں مسلسل چلتے رہنے کے بیس برس سال رواں میں ہی مکمل ہوئے ہیں۔

Szenenbild aus dem Film Solange ich lebe
شاہ رُخ زیادہ تر فلموں میں ہیرو کا کردار ادا کرتےہیںتصویر: www.yashrajfilms.com

دو عشروں سے زیادہ عرصے سے اداکاری کرنے والے شاہ رُخ خان اب تک 80 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چُکے ہیں۔ اُن کی بہت زیادہ کامیاب فلموں میں ’دل تو پاگل ہے‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، اور ’ چنئی ایکسپرس‘ خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

شاہ رُخ خان کی مقبولیت سوشل میڈیا نیٹ ورک فیس ُبک پر اُن کے روزانہ 15 ملین لائیکس اور اُن کی تعریف میں پوسٹ کیے جانے والے پیغامات سے بھی ہوتا ہے۔