1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی پی ایل سیمی فائنلز سخت سیکیورٹی کے سائے میں

21 اپریل 2010

انڈین پریمیئر لیگ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیموں کے درمیان بھارتی شہر ممبئی میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کے سائے میں کھیلا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/N1yx
رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان انیل کمبلےتصویر: UNI

سچن تندولکر کی قیادت والی ٹیم ممبئی انڈینز فیورٹ قرار دی جا رہی ہے۔

Indien Cricket Sachin Tendulkar
ممبئی انڈینز ٹیم کے کپتان سچن تندولکرتصویر: AP

شیڈول کے مطابق ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی معروف انڈین پریمیئر لیگ کے سیمی فائنل مقابلے جنوبی بھارتی شہر بنگلور میں ہونا تھے، لیکن سیکیورٹی وجوہات کے باعث ان مقابلوں کو بنگلور سے ممبئی منتقل کرنا پڑا۔ سترہ اپریل کو بنگلور کے چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم کے باہر معمولی نوعیت کے دو دھماکوں میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد ’آئی پی ایل‘ انتظامیہ نے سیمی فائنلز ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان دھماکوں کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کا ایک میچ تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔ دھماکوں کی آواز سنتے ہی سٹیڈیم کے اندر موجود تقریباً چالیس ہزار تماشائیوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی لیکن جلد ہی حالات معمول پر آ گئے تھے۔ دھماکے کے وقت رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینز، دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑی سٹیڈیم کے اندر موجود تھے۔

Rahul Dravid
رائل چیلنجرز بنگلور کے راہُل ڈراوڈتصویر: UNI

رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان انیل کمبلے نے سیمی فائنلز کی منتقلی پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ تاہم کمبلے نے کہا کہ اُن کی ٹیم ممبئی میں ممبئی انڈینز کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔’’پہلے ہمارا مقصد سیمی فائنل کے مرحلے تک پہنچنا تھا، وہ ہم نے حاصل کر لیا ہے۔ اب ہمیں چیمپیئن بننے کے لئے اگلے دو میچ جیتنا ہوں گے۔‘‘ معروف بھارتی لیگ سپنر انیل کمبلے نے مزید کہا:’’بنگلور کے سٹیڈیم میں اپنے تماشائیوں اور مداحوں کے بیچ سیمی فائنل کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا لیکن کچھ چیزیں ہمارے کنٹرول میں نہیں ہوتی ہیں۔‘‘

رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم انڈین پریمیئر لیگ میں دوسری مرتبہ سیمی فائنل کے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ ممبئی انڈینز نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔کمبلے کے مطابق گزشتہ سیزن کا تجربہ بدھ کے اہم سیمی فائنل مقابلے میں ان کے کام ضرور آئے گا۔

Indian Premier League Finale
دوسرے سیزن میں چیمپیئن شپ کا تاج دکن چارجرز ٹیم کے سر پر سجا تھاتصویر: AP

ممبئی انڈینز نے کرکٹ لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کی قیادت میں اس ٹیم نے لیگ مرحلے میں کھیلے گئے چودہ میچوں میں سے دس میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ممبئی انڈینز بیس پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سب سے آگے ہیں۔ بنگلور نے چودہ میچوں میں سے سات جیتے ہیں جبکہ سات میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس طرح رائل چیلنجرز بنگلور کے چودہ پوائنٹس ہیں۔

بھارتی پریمیئر لیگ کا دوسرا سیمی فائنل چنئی سُپر کنگس اور دفاعی چیمپیئن دکن چارجرز کی ٹیموں کے درمیان بائیس اپریل کو ممبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ’آئی پی ایل‘ کے گزشتہ سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور اور دکن چارجرز فائنل میں پہنچی تھیں، جس میں بنگلور کو چھ رنز سے شکست ہوئی تھی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے یعنی چوتھے ایڈیشن میں آٹھ کی بجائے دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔ موجودہ آٹھ ٹیموں کے علاوہ اب پونے اور کوچی کی ٹیمیں بھی انڈین پریمیئر لیگ میں شریک ہوں گی۔ کرکٹ لیگ کے پہلے سیزن میں راجسھتان رائلز نے چیمپیئن شپ جیتی تھی جبکہ دوسرے سیزن میں چیمپیئن شپ کا تاج دکن چارجرز ٹیم کے سر پر سجا تھا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: امجَد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں