آج منایا جانے والا کرسمس کا مسیحی تہوار
25 دسمبر 2007دوگھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک جاری رہنے والی اور نصف شب کے بعد ختم ہونے والی اس تقریب میں پاپائے روم نے دنیا بھر میں عیسائیوں کو اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور کروڑوں غریب اور بے گھر انسانوں کا ذکر بھی کیا۔
یہ تقریب 57 ملکوں میں براہ راست دکھائی گئی ۔ آخر میں پوپ نے دنیا بھر کے عیسائیوں کو 60 مختلف زبانوں میں کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ کرسمس کی اسی رات فلسطینی خود مختار علاقوں میں بیت اللحم کے شہر میں جشن ولادت مسیح کی مڈنائٹ سروس حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش قرار دیئے جانے والے Church of Nativity میں ہوئی جس میں مقامی مسیحی آبادی اور اور غیر ملکی عیسائی زائرین کی ایک بہت بڑی تعدادنے حصہ لیا۔
مسیحی دنیا میں آج منائے جانے والے کرسمس کے اسی تہوار کے موقع پرمسلمانوں کی 138 سرکردہ مذہبی شخصیات پر مشتمل ایک گروپ نے پہلی مرتبہ اپنے ایک مشترکہ تحریری پیغام میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ یہ مبارکباد عربی، انگریزی، فرانسیسی اور لاطینی کے علاوہ کئی زبانوں میں پیش کی گئی۔
انتہائی سرکردہ مسلمان علماءکا یہ گروپ مسلمانوں کے تقریباً ہر دینی مکتبہ فکر کی نمائندگی کرتا ہے جس نے اسی سال اکتوبر کے مہینے میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے مابین سنجیدہ مکالمت کے لئے ایک نئی پیش رفت بھی شروع کی تھی ۔