آرکٹک زون میں جاری مشقوں کے دوران روسی وزیر کا انتقال
8 ستمبر 2021ماسکو سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق روس میں ہنگامی حالات کا مقابلہ کرنے کی ذمےدار اور ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے والی ملکی وزارت کی طرف سے مختلف ملکی ایجنسیوں کی شرکت کے ساتھ ایسی مشقیں جاری ہیں، جن کا مقصد روس میں آرکٹک زون کے انتہائی شمالی علاقے کا ممکنہ ہنگامی حالات سے تحفظ ہے۔
روس نے نئی ایٹمی آبدوزوں کی تعمیر شروع کر دی
سرکاری خبر رساں اداروں نے ماسکو میں اس روسی وزارت کے جاری کردہ بیان کے حوالے سے بتایا کہ ان مشقوں کے دوران ہنگامی حالات کے ملکی وزیر زینیچیف ایک شخص کی جان بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن اس شخص کے ساتھ ساتھ خود وہ ہلاک ہو گئے۔
متعلقہ وزارت نے اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ واقعہ کہاں پیش آیا اور ژیوگنی زینیچیف کی موت کیسے ہوئی۔
ماضی میں صدر پوٹن کے محافظ اور ذاتی معاون
ژیوگنی زینیچیف کی عمر 55 برس تھی اور وزارتی بیان کے مطابق ان کی موت اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ہوئی۔ وہ 2018ء سے روسی کابینہ میں ہنگامی حالات اور سروسز کے وزیر چلے آ رہے تھے۔
ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قانونی حیثیت نہیں مل سکتی، پوٹن
انہیں یہ وزارت اس وقت سونپی گئی تھی، جب ان کے پیش رو وزیر سائبیریا میں ایک شاپنگ مال میں لگنے والی وسیع تر آگ کے کچھ ہی عرصے بعد مستعفی ہو گئے تھے۔ اس سانحے میں 60 سے زائد افراد جل کر ہلاک ہو گئے تھے اور اس پر پورے ملک میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔
زینیچیف 2016ء میں دو ماہ کے لیے روس کے انتہائی مغربی خطے کالینن گراڈ کے قائم مقام گورنر بھی رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ کئی برسوں تک وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے محافظ اور ذاتی معاون بھی رہے تھے۔
م م / ع ا (اے پی، روئٹرز)