آزاد فلسطینی ریاست کے لیے درخواست کی تاریخ کا اعلان
14 اگست 2011فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے: ’’ اقوام متحدہ کے 66ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن کے موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس 20 ستمبر کو یہ درخواست ذاتی طور پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو پیش کریں گے۔‘‘
ریاض المالکی کا مزید کہنا تھا: ’’محمود عباس کے کہنے پر بان کی مون یہ درخواست سلامتی کونسل کے سامنے رکھیں گے۔‘‘
فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کے مطابق ستمبر کے مہینے کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ اس وقت سلامتی کونسل کی صدارت لبنان کے پاس ہوگی اور وہ فلسطینی ریاست تسلیم کرانے کے حوالے سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر سکتا ہے: ’’لبنان سکیورٹی کونسل کی صدارت ستمبر میں سنبھالے گا اور اس سے ہمیں مدد ملے گی، کیونکہ سلامتی کونسل کے صدر کے پاس خصوصی اخیتارات ہوتے ہیں، جو بہت اہم ہیں۔‘‘
گزشتہ برس ستمبر میں اسرائیل کے ساتھ براہ راست مذاکرات منقطع ہونے کے بعد سے فلسطینیوں نے اقوام متحدہ سے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ سے قبل کی سرحدوں پر مبنی آزاد ریاست تسلیم کرانے کے لیے سفارتی کوششوں کا راستہ اختیار کیا تھا۔
اسرائیل کی جانب سے ایسی کسی کوشش کی سختی سے مخالفت متوقع ہے۔
قبل ازیں جمعرات چار اگست کو عرب لیگ نے فلسطینیوں کی طرف سے مغربی کنارے اور غزہ میں ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ قطر میں ہونے والے عرب لیگ کے ایک اجلاس میں کیا گیا تھا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: ندیم گِل