آسٹریلوی اوپن، جرمن کھلاڑی زویریف نے اینڈی مرے کو ہرا دیا
22 جنوری 2017عالمی نمبر پچاس جرمن کھلاڑی میشا زویریف نے اتوار کے دن میلبورن میں جاری آسٹریلوی اوپن کے چوتھے راؤنڈ کے ایک میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور برطانوی اسٹار اینڈی مرے کو چت کر دیا۔ زویریف نے یہ مقابلہ سات پانچ، پانچ سات، سات چھ ، چھ چار اور چھ دو کی بھروپور جدوجہد کے بعد جیتا۔
ناقدین کے بقول اس میچ میں اینڈی مرے نے کوئی خاص کارکردگی نہ دکھائی لیکن دوسری طرف زویریف کے عمدہ کھیل کی تعریف بھی کی جا رہی ہے۔ اب کوارٹر فائنل میں انتیس سالہ زویریف راجر فیڈرر یا کائی نشکوری کے مدمقابل آئیں گے۔
جیت کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے زویریف نے کہا، ’’ایمانداری سے کہوں تو میں کچھ پریشان تھا۔ میں نے اپنے انداز میں کھیل جاری رکھا۔ کچھ ایسے پوائنٹس بھی مجھے ملے، جن کی میں توقع نہیں کر رہا تھا۔ تاہم میں یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کچھ جذباتی ہو گئے تھے، ’’اس موقع پر جذباتی ہو جانا آسان ہوتا ہے لیکن مشکل ہوتا ہے کہ اپنے ہوش میں رہا جائے۔‘‘
اس میچ کے بعد مرے نے کہا، زویریف جیت کے مستحق تھے۔ انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کے دوران جب وہ دباؤ میں تھے، تب انہوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ زویریف مسلسل اچھا کھیلتے رہے، اس صورتحال میں مدمقابل کھلاڑی کچھ نہیں کر سکتا۔ یہی کہا جا سکتا ہے کہ آپ بہت عمدہ کھیل رہے ہیں۔‘‘
آسٹریلوی اوپن کے پانچ فائنل میچوں میں شکست کھانے والے مرے نے البتہ اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگلے ٹورنامنٹ میں وہ بھرپور توانائی کے ساتھ کورٹ میں اتریں گے۔ سن دو ہزار نو کے بعد پہلی مرتبہ مرے کوارٹر فائنل سے قبل ہی آسٹریلوی اوپن سے باہر ہوئے ہیں۔ آسٹریلوی اوپن کے چار فائنل میچوں میں مرے کو شکست دینے والے نوواک جوکووچ بھی اس گرینڈ سلام ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔