آسٹریلین اوپن: نوواک جوکووچ چیمپیئن
2 فروری 2020آسٹریلین اوپن کے فائنل میچ میں عالمی نمبر دو نوواک جوکووچ کو آسٹریا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر پانچ ڈومنیک تھیم کے مقابلے کا سامنا تھا۔ اس فائنل میچ میں شریک ہونے سے قبل نوواک سات مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فاتح رہ چکے ہیں۔ اُن کے مجموعی گرینڈ سلیم چیمپیئن شپ کی تعداد اب سترہ ہو گئی ہے۔
اتوار تین جنوری کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں جوکووچ سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر کو ہرا کر پہنچے اور ڈومنیک تھیم نے جرمنی کے الیگزانڈر زوریو کو شکست دی تھی۔ تینتیس سالہ نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن کے دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔ چھبیس سالہ تھیم دو مرتبہ فرنچ اوپن کے فائنل تک پہنچے لیکن دونوں مرتبہ رافیل ندال سے ہار گئے۔
میچ کا پہلا سیٹ حسب توقع سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر دو نے چھ چار سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں ڈومنیک تھیم نے اپنے حریف کا سخت مقابلہ کرتے ہوئے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ اس کوشش میں تھیم نے کامیابی حاصل کی اور دوسرا سیٹ چھ چار سے جیت لیا۔
دوسرے سیٹ میں سروس دیر سے کرانے پر ریفری نے جوکووچ کو پہلے وارننگ دی اور دوسری مرتبہ ایک پوائنٹ کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ ٹینس کھیل میں سروس کرانے کے لیے پچیس سیکنڈ کا وقت مقرر ہے۔
تیسرے سیٹ کی ابتدا آسٹریائی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ کی طرح کی۔ ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ تھیم کے زوردار کھیل کے سامنے جوکووچ دفاع پر مجبور ہو گئے ہیں۔ تھیم نے مسلسل دوسرا سیٹ چھ دو سے جیت کر دفاعی چیمپیئن کی مشکلات میں کسی حد تک اضافہ کر دیا۔ یہ امر اہم ہے کہ فائنل میچ سے قبل جوکووچ صرف ایک سیٹ ہارے تھے۔
چوتھے سیٹ کی ابتدا نوواک جوکووچ نے قدرے بہتر کی اور سیٹ جیت کر میچ برابر کر دیا۔ پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ سے قبل جوکووچ کا میچ میں واپس آنا شاندار خیال کیا گیا اور یہ ان کی کامیابی کی کلید بھی قرار دی گئی۔
ڈومنیک تھیم تین مرتبہ کسی بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن قسمت کی دیوی ان پر مہربان نہ ہوئی۔ جوکووچ نے آٹھویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کی چیمپیئن شپ جیتی۔ وہ اگلی عالمی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک دوبارہ بن سکتے ہیں۔ اسی طرح تھیم امکاناً عالمی نمبر دو یا تین ہو جائیں گے۔
رواں برس کا دوسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن چوبیس مئی سے سات جون تک فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے ٹینس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔ رافیل ندال فرنچ اوپن کے دفاعی چیمپیئن ہیں۔
ع ح ⁄ ا ا ( اے پی، اے ایف پی)