1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسڑیلیا میں سیلاب کی تباہ کاریاں، بحالی کے لئے فوج کا سہارا

3 جنوری 2011

آسٹریلوی تاریخ کے شدید ترین سیلاب کے باعث ملک کا شمال مشرقی حصہ تاحال متاثر ہے۔ سیلابی پانی سے علاقے کی اہم سڑکوں اور بندرگاہوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ اکثر علاقوں کا باقی ملک سے رابطہ ابھی تک منقطع ہے۔

https://p.dw.com/p/zsx6
تصویر: picture alliance / dpa

سیلاب کے باعث ریاست کوئینزلینڈ کی اہم ترین اور مرکزی شاہراہ کیپری کون زیر آب آ گئی ہے جبکہ پانی میں گِھرے قصبے روک ھیمٹن میں پانی اب گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ 77 ہزار کی آبادی والے اس علاقے تک پہنچنے کا اب واحد زمینی ذریعہ امدادی کشتیاں ہیں۔ علاقے میں گھرے لوگوں تک فوج امداد پہنچا رہی ہے جبکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

ریاست کوئینزلینڈ کے ایمرجنسی کوآرڈینیٹر اور پولیس کے ڈپٹی کمشنر ایان سٹورٹ کے بقول روک ھیمٹن میں پانی کی سطح 30 فٹ تک بلند ہوگئی ہے۔

پولیس نے ایسے لوگوں کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ فی الفور محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، جو اپنا گھر بار چھوڑنے پر راضی نہیں ہیں۔

دوسری جانب سیلاب کی وجہ سے ریاست کوئینز لینڈ کی کوئلے کی برآمد کے حوالے سے سب سے بڑی بندرگاہ تاحال بند ہے۔ ایک اندازے کے مطابق حالیہ سیلاب سے ملکی معیشت کو 980 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ اس سے تقریباﹰ دو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

NO FLASH Überschwemmungen Australien
سیلابی پانی میں گھِرا کینگروتصویر: AP

سب سے زیادہ نقصان برآمدات کے اہم ترین ذریعے یعنی کوئلے کی کانوں اور بندرگاہوں کے بند ہو جانے کے باعث ہوا۔ ریاست کو سب سے زیادہ آمدنی کوئلے کی برآمد سے ہوتی ہے، جو کہ سالانہ 55 بلین ڈالر کے قریب ہے۔

ادھر آسٹریلیا کی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ نے متاثرین سیلاب کے لیے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے یہ بہت بڑی قدرتی آفت ہے اور اس کے اثرات سے نکلنے کے لیے ایک عرصہ درکار ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’سیلاب کے باعث ریاست کوئینز لینڈ کو بہت بڑی تباہی کا سامنا ہے، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی سطح پر متحدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔‘‘

دو ہفتے قبل آسٹریلوی تاریخ کی شدید ترین بارشوں کے باعث ریاست کوئینزلینڈ میں موجود چھ بڑے دریاؤں میں سیلاب آنے سے ملک میں تباہ کاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو تاحال جاری ہے۔ اس سیلاب کی وجہ سے اب تک ایک شہری ہلاک ہوا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں