1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آنکھوں پر ماسک پہننے سے کیا نیند اچھی آتی ہے؟

17 مارچ 2023

نیند سے متعلق ایک نئے مطالعے کے شرکاء کو مکمل اور جزوی طور پر آنکھیں ڈھانپنے والے ماسک پہنائے گئے۔ ماسک نیند کی ادویات کے مضر اثرات کے بغیر روشنی روکنے کا ایک سستا اور آسان طریقہ بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4OpQu
Mann mit Einhornaugenmaske
تصویر: Ekaterina Yakunina/Westend61/IMAGO

ہم سب سونے کی کوشش میں بستر پر لیٹ کر گھنٹوں دائیں اور بائیں کروٹیں بدلنےکے باجود نیند  کے قریب بھی نہ پھٹکنے کا  تجربہ کر چکے ہیں۔ یہاں تک کے سونے کی ایک ترکیب یعنی بھیڑوں کی خیالی گنتی کرنے کی کوشش بھی کبھی کبھار کامیاب نہیں ہوتی بے شک آپ ایک ہزار تک ہی کیوں نہ پہنچ چکے ہوں۔

امتحان کا تناؤیا بہت زیادہ کافی پینا، آپ کو نیند نہ آنے کی بے شمار دیگر وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔ یا یہ صرف روشنی بھی ہو سکتی ہے۔ یقیناً، کچھ لوگ روشنی کر کے بھی سو سکتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ روشنی آپ کی نیند کے معیار اور اگلے دن آپ کی ذہنی کارکردگی کو بھی متاثر کر سکتی ہے؟

Symbolbild schlafen im Büro
روشنی آپ کی نیند کے معیار اور ذہنی کارکردگی کو بھی متاثر کر سکتی ہےتصویر: Vasily Pindyurin/Westend61/imago images

کیا آئی ماسک لگا کر سونا یادداشت کے لیے اچھا ہے؟

نیند سے متعلق ایک معروف جریدے سلیپ  میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ رات کو آئی ماسک پہننے سے اگلے دن یادداشت بہتر ہو سکتی ہے اور انسان ذہنی طور پر مستعد رہتا ہے۔

اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ شرکاء نے بصری یادداشت کے ٹیسٹوں میں کس طرح بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جب انہوں نے نیند کے ایک اہم مرحلے میں زیادہ وقت گزارا، جسے Slow-wave sleep (SWS) یا سست لہر نیند کہا جاتا ہے۔

 گہری نیند کا یہ وہ مرحلہ ہے، جہاں آپ چٹان کی طرح سوتے ہیں اور آسانی سے نہیں جاگتے۔ یہ ایک ایسا مرحلہ بھی ہے جس کے دوران کچھ لوگ بات کرتے ہیں یا نیند میں چلتے ہیں۔ SWS طویل المدتی یادوں کو ذخیرہ کرنے کی ہماری صلاحیت اور اگلے دن ہماری ذہنی کارکردگی دونوں میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نیند کے بارے میں ایسی بہت سی چیزیں  ہیں، جن کے بارے میں محققین ابھی تک نہیں جانتے لیکن جو بات واضح ہے وہ یہ کہ یہ ہماری ذہنی، جسمانی اور جذباتی تندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک ضروری کام انجام دیتی ہے۔ خراب نیند کا معیار بہت نقصان دہ ہو سکتا ہے اور یہ مدافعتی نظام اور دل کے مسائل، دماغی خرابی یا نظام انہضام کے عوارض کا باعث بن سکتا ہے۔

نیند سے دماغی کارکردگی میں بہتری

اس تحقیق میں اٹھارہ سے پینتیس سال کی عمروں کے ایک سو بائیس نوجوان شامل تھے، جنہیں دو تجربات کے لیے منقسم کیا گیا تھا۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والے ان تجربات میں شرکاء کی دماغی کارکردگی کا مطالعہ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی جبکہ چار راتوں تک جاری رہنے والے دوسرے تجربے میں نیند کے دوران دماغی سرگرمی کا مطالعہ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

Schlafmaske
ماسک نیند کی ادویات کے مضر اثرات کے بغیر روشنی روکنے کا ایک سستا اور آسان طریقہ بھی ہیںتصویر: Sergiy Tryapitsyn/PantherMedia/IMAGO

شرکاء یا تو باقاعدہ آئی ماسک کے ساتھ یا ایک ''کنٹرول‘‘ آئی ماسک پہن کر سوتے تھے، جس پر سوراخ ہوتے تھے تاکہ یہ روشنی نہ رک سکے۔ کنٹرول ماسک کے ساتھ سونے والوں کے مقابلے میں آنکھوں کے مکمل ماسک کے ساتھ سونے والے شرکاء کی کسی چیز کو یاد رکھنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ اور تیز ردعمل دیکھا گیا۔

نیند سے متعلق پہلی تحقیق میں صرف 89 افراد نے حصہ لیا اور دوسرے مطالعے میں یہ تعداد 33 تھی جو نسبتاً کم ہے۔ لہذا اس تعداد سے قطعی نتائج اخذ کرنا مشکل ہے۔اس کے علاوہ اس تحقیق میں صرف اٹھارہ سے پینتیس سال کی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا، اس لیے ہم نہیں جانتے کہ آنکھوں کے ماسک پہننا دیگر عمر کے گروپوں کے لیے فائدہ مند ہے یا نہیں۔

خبردار! بچوں کوالیکٹرانک اسکرینوں سے دور رکھیں

کیا چہرے کے ماسک مؤثر ہیں؟

کچھ لوگوں کو آئی ماسک پہننے کا احساس پسند نہیں اور وہ اس میں بے چینی محسوس کرتے ہیں۔ اسی لیے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ آنکھوں پر ماسک کے ساتھ کبھی بہتر نینند نہیں کر سکے۔

لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہماری نیند کے جاگنے کا چکر روشنی یا روشنی کی عدم موجودگی سے منظم ہوتا ہے۔ ہمیں رات کی اچھی نیند کے لیے اندھیرے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اسی وقت ہمارا جسم میلاٹونن، نیند کے ہارمون خارج کرتا ہے۔ روشنی میلاٹونن کی پیداوار روک کر ہماری نیند متاثر کرتی ہے۔

Symbolbild l Schlaf, Schlafen im Bett
روشنی میلاٹونن کی پیداوار روک کر ہماری نیند میں خلل پیدا کرتی ہےتصویر: jensrother/Panthermedia/imago images

یہ اونچے عرض البلد پر مشکل ہو جاتا ہے، ایسے ممالک میں جہاں موسم زیادہ واضح ہوتے ہیں اور گرمیوں کے دوران آپ کو عملی طور پر رات بالکل بھی محسوس نہیں ہوتی۔ لہذا نیند میں روشنی کے اثرات کا بخوبی مطالعہ کیا گیا ہے اور آنکھوں کے ماسک نیند کی ادویات کے مضر اثرات کے بغیر روشنی کو روکنے کا ایک سستا اور آسان طریقہ بھی ہیں۔

’آپ باقاعدگی سے سویا کریں ورنہ موٹے ہو جائیں گے‘

آئی ماسک بھی انتہائی نگہداشت والے یونٹوں میں مریضوں کی نیند کے معیار کو نمایاں طور پر بہتر کرتے پائے گئے ہیں۔ لیکن اس بارے میں بہتر طور پر سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آیا یہ فوائد لوگوں کے دوسرے گروہوں پر لاگو ہوتے ہیں اور وہ کتنے عرصے تک رہتے ہیں۔

ایسٹیبان پارڈو (ش ر⁄ ع ا)

نیند کو بہتر بنانے والی تین خوراکیں