اتنی جلدی جيت کا دعویٰ مت کرو، ولڈرز کا پاکستان کو انتباہ
1 ستمبر 2018انتہائی دائیں بازو کے نظریات کے حامل ڈچ سیاستدان اور ممبر پارلیمان گیئرت ولڈرز نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایک ٹوئٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اتنی جلدی جیت کا دعویٰ مت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنا کام ختم نہیں کیا ہے۔ میں دیگر کئی طریقوں سے آپ کی بربریت عیاں کروں گا‘۔
گیئرت ولڈرز کی طرف سے پیغمبر اسلام کے متنازعہ خاکوں کے ایک مقابلے کو منسوخ کیے جانے پر شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹویٹ میں مسلم امت کو مبارکباد دی تھی۔ پاکستانی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس متنازعہ ایونٹ کی منسوخی دراصل اسلام آباد کی سفارت کاری کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
اس حوالے سے نہ صرف شاہ محمود قریشی بلکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین نے بھی ایک ٹویٹ میں ’گستاخانہ خاکوں‘ کے مقابلے کی منسوخی کو پاکستانی حکومت اور عوام کی جیت قرار دیا تھا۔ دوسری طرف پاکستان بھر میں گیئرت ولڈرز کی طرف سے یہ مقابلہ منعقد کرانے پر غم وغصے کی لہر نمایاں تھی۔
تاہم ولڈرز کے مطابق انہوں نے یہ مقابلہ اس لیے منسوخ کیا کیونکہ وہ ’مسلم انتہا پسندوں کی طرف سے تشدد کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے تھے۔ جمعرات کے دن انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا تھا، جب انہیں جان سے مارے جانے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
اس تمام صورتحال میں ہالینڈ کی حکومت گیئرت ولڈرز سے علیحدہ تھی اور ڈچ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ گیئرت ولڈرز کی یہ متنازعہ سوچ حکومتی پاليسیوں کی عکاسی نہیں کرتی۔ ہالینڈ کی حکومت نے بھی ولڈرز کو یہ مقابلہ منسوخ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ڈچ وزیر اعظم مارک رُٹے نے یہاں تک کہا تھا کہ ولڈرز کا مقصد اسلام پر بحث شروع کرنا نہیں بلکہ اشتعال انگیزی ہے۔