اس نے مجھے جان بوجھ کر گرایا؟ خواتین ایتھلیٹس بول پڑیں
18 دسمبر 2020جرمنی کی جمناسٹک کی قومی ٹیم میں شامل دو سابقہ کھلاڑیوں نے ڈی ڈبلیو سے خصوصی بات چیت میں جرمنی میں اس کھیل سے جڑے افراد کے مسائل واضح کیے۔ یہ انکشافات ماضی میں رپورٹ ہوئے معاملات سے کہیں زیادہ چونکا دینے والے ہیں۔
کم عمروں کے فٹ بال کلب کے کمرے میں سیکس پارٹی
خاتون ریفری، ایران میں میچ ہی سنسر کردیا گیا
اس وقت ناؤمی اور روبی فان ڈیک کو بیلنس بیم پر پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا جائے تو لگے گا کہ وہ جمناسٹک سے عشق میں مبتلا ہیں۔ مگر ان کے چہروں پر مسکراہٹ اور قہقہے برسوں تک اس کھیل کے دوران ان کے ساتھ ہوئے سلوک کے نمائندہ نہیں۔
یہ دونوں جڑواں لڑکیاں دس برس کی تھیں، جب انہیں کولون شہر کے قریب واقع بیرگیش گلاڈباخ میں واقعے ایلیٹ ٹرینگ سینٹر میں تربیت کے لیے چنا گیا۔ آغاز بہت اچھا تھا تاہم متعدد تنظیمی تبدیلیوں کی وجہ سے وہ ایک ایسے کوچ تک پہنچ گئیں، جن کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ 'وہ ہمیں تربیت نہیں دینا چاہتا تھا‘۔ قانونی وجوہ کی بنا پر ڈی ڈبلیو اس کوچ کا نام ظاہر نہیں کر سکتا۔
اس صورت حال سے ان دونوں لڑکیوں کی کارکردگی میں تنزلی آئی اور باہمی تعلق پر بھی اثر پڑا۔ اب 26 برس کی عمر کی ان دونوں بہنوں کے مطابق انہیں 'موٹی‘ اور 'کاہل‘ پکارا جاتا تھا اور مجبور کیا جاتا تھا کہ وہ مقابلے میں حصہ لینے کے لیے تنہا سفر کریں۔
روبی کہتی ہیں، 'بدترین وقت تھا جب اس (کوچ) نے ہمیں کہا کہ وہ مقابلے میں ہمارے ساتھ نہیں جائے گا کیوں کہ ہم اس کی شرمندگی کا باعث ہیں۔ جب آپ چودہ پندرہ برس کے ہوتے ہیں تو آپ کو ایک ایسے کوچ کی ضرورت ہوتی ہے، جو آپ کی خراب کارکردگی پر بھی آپ کی ہمت بڑھائے، مگر وہ ہمیں مقابلے سے قبل یہ کہہ کر بے حوصلہ کر دیتا تھا کہ تم بہت موٹی ہو۔ تم میرے لیے شرمندگی کا باعث ہو۔‘‘
ناؤمی کے مطابق ایک بار تو تربیت کے دوران کوچ نے جان بوجھ کر اسے تھاما نہیں اور وہ سر کے بل گری۔ ''اس نے جان بوجھ کر ایسا کیا کیوں کہ وہ مجھے سبق سکھانا چاہتا تھا۔‘‘
ان دونوں جمناسٹک کھلاڑیوں کی جانب سے کوچ کے حوالے سے کی جانے والی شکایت نہ سنی گئی بلکہ ان دونوں کھلاڑیوں کو 'بدتمیز‘ قرار دیا گیا۔ ان دونوں بہنوں کے مطابق جب انہوں نے یہ معاملہ مقامی جمناسٹکس ایسوسی ایشن دی رائنیشر ٹرنر بُنڈ RTB تک پہنچایا، تو ان پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا گیا اور انہیں یہ عندیہ دیا گیا کہ قصوروار وہ خود ہیں۔
ناؤمی کہتی ہیں، ''مجھے اب بھی یاد ہے کہ میں 14 برس کی تھی اور میں جمناسٹک کا اپنا لباس نہیں پہننا چاہتی تھی۔ مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ میری ہر چیز غلط ہے۔ میں کیسی دکھتی ہوں، کہاں سے آئی ہوں، کیا کرتی ہوں، کیسے بولتی ہوں یا کیا ہوں، سب غلط۔ بہ طور انسان میرے لیے یہ نہایت تکلیف دہ بات تھی۔‘‘
ڈی ڈبلیو کو ایک ای میل کے ذریعے اس معاملے پر تاہم RTB نے لکھا ہے کہ یہ تنظیم کسی بچے کو ذہنی یا جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کو بالکل برداشت نہیں کرتی ۔ اس تحریری بیان میں جمناسٹ کی مقامی تنظیم کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سامنے آنے والے الزامات کو نہایت سنجیدگی سے سنا جاتا ہے اور ان کی فوری تفتیش کی جاتی ہے۔ ''ہم ان الزامات پر حیران ہیں، کیوں کہ اب تک کوچ کے تربیتی طریقوں سے متعلق ہمیں کبھی شکایت نہیں ملی۔‘‘
ع ت، ع ح، (جوناتھن کرانے)