1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسامہ بن لادن ہلاک، صدر اوباما نے تصدیق کردی

2 مئی 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے قوم سے خطاب میں تصدیق کی ہے کہ القاعدہ کے مرکزی رہنما اسامہ بن لادن ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسامہ کو ایبٹ آباد میں ایک امریکی آپریشن میں ہلاک کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/117Np
تصویر: AP

امریکی صدر اوباما کے مطابق اسامہ کو ان کے حکم پر پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے قریباً 125 کلومیٹر کے فاصلے پر خیبر پختونخواہ صوبے میں واقع شہر ایبٹ آباد میں ایک ایسے آپریش میں مارا گیا ہے جس میں امریکی فوج کے اہلکار شامل تھے۔ امریکی فوج کے آپریشن میں ہیلی کاپٹر بھی شامل تھے اور یہ ایک گھنٹے سے کم دورانیے کا تھا۔

ایسی اطلاعات یہ بھی ہیں کہ اسامہ کے ہمراہ ان کے خاندان کے افراد بھی تھے اور وہ بھی اس آپریشن میں مارے گئے ہیں۔اس آپریشن میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق بن لادن کے ایک بیٹا بھی اس کارروائی میں ہلاک ہوا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے اسامہ بن لادن کی لاش امریکہ کی تحویل میں ہے۔

USA Etat Entscheidung
امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے خطاب میں امریکی قوم اور دنیا بھر کو مبارکباد دی ہےتصویر: dapd

باراک اوباما نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اس آپریشن کے بعد انہوں نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے بات بھی کی۔ ان کے بقول پاکستان اور امریکہ دونوں کے لیے اسامہ کی ہلاکت ایک اچھی خبر ہے۔

امریکی صدر نے اس موقع پر گیارہ ستمبر سن دو ہزار ایک کے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت بھی کی اور کہا کہ اس تمام عرصے میں امریکی حکّام نے ان کی تکلیف کو کبھی فراموش نہیں کیا۔

Spezialbild 11. September 2001 Rauch und Flöammen schlagen aus den Türmen des World Trade Centers in New York, USA
گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے دہشت گردانہ حملوں نے امریکہ اور دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھاتصویر: AP

صدر اوباما کے مطابق اسامہ کا ہلاک ہونا ایک تاریخی واقعہ ہے اور اس سے القاعدہ کو ناقابلِ فراموش دھچکہ لگا ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ القاعدہ اور طالبان اپنی کارروائیاں بند کردیں گے۔

اسامہ بن لادن امریکہ میں گیارہ ستمبر سن دو ہزار ایک کے دہشت گردانہ حملوں میں ملوّث تھے۔ تب سے اسامہ کو زندہ یا مردہ تلاش کیا جا رہا تھا۔

اسامہ بن لادن دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں امریکہ کو سب سے زیادہ مطلوب شخص تھے۔

امریکہ کے مختلف شہروں میں شہری سڑکوں پر نکل کر خوشی میں نعرے لگا رہے ہیں۔ جوق در جوق لوگ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے باہر جمع ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہر، ایبٹ آباد میں پاکستانی فوج کے کئی اہم مراکز قائم ہیں۔ ان میں فوج کی ملٹری اکیڈیمی خاص طور پر اہم ہے۔ اسی شہر میں کئی مشہور تعلیمی ادارے بھی برسوں سے قائم ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں