1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل تمام تر مقبوضہ علاقوں میں آبادی کاری روک دے: بان کی مون

21 مارچ 2010

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل پرزوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں نئی بستیوں کی تمام تعمیرات روک دے۔

https://p.dw.com/p/MYNX
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مونتصویر: AP

ہفتے کے دن رملہ میں فلسطینی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران بان کی مون نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ غزہ کی ناکہ بندی جلد ہی ختم کردی جائےگی۔ دوسری طرف اسرائیلی نائب وزیر خارجہ دانیال آئلون نے کہا ہے کہ مشرقی یروشلم میں نئی آبادی کاری کا سلسلہ نہیں روکا جائے گا۔

بان کی مون اس وقت اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، جہاں وہ اطراف کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کو بحال کروانے کی کوشش کررہیں ہیں۔

دریں اثناء مشرقی یروشلم میں سولہ سو نئے مکانات کی تعمیر کے فیصلے پر جہاں خطے میں تناؤ واضح ہے وہیں اسرائیل اورامریکہ کے مابین سفارتی تعلقات بھی کچھ کشیدہ نظرآ رہے ہیں۔

بان کی مون نے فلسطینی اوراسرائیلی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچھ ایسا نہ کریں جس سے خطے میں قیام امن کی عالمی کوششوں کو نقصان کا خدشہ ہو۔ یروشلم میں اسرائیلی صدر شعمون پیریز سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اقوم متحدہ کے سربراہ نے اپنے مؤقف کو دہرایا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے دو ریاستی حل ناگزیرہے۔

Israel Palästina Palästinenser Siedlung Siedlungsbau Jerusalem Ramat Sholmo Ostjerusalem Flash-Galerie
مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری تمام خطے میں تناؤ کا باعث بنی ہوئی ہےتصویر: AP

جعمہ کے دن ہوئی چار کے گروپ کی ملاقات کے بعد بھی بان کی مون نے کہا تھا کہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے مابین بالواسطہ مذاکرات کا سلسلہ جلد ہی بحال ہو جائے گا۔

ہفتے کے دن بان کی مون نے فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم سلام فیاض کے ہمراہ مغربی اردن کا دورہ بھی کیا۔ رملہ میں انہوں نے کہا:’’ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے تمام تر تعمیراتی منصوبے غیر قانونی ہیں اور انہیں فوری طور پر روک دینا چاہئے۔

بان کی مون نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے یہودی آباد کاری اور فلسطنیوں کی زمینوں کے قبضے کے نتیجے میں وہ فلسطینی عوام کی مشکلات، اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں زندگی بسر کرنا انتہائی مشکل ہے۔ اس دوران انہوں نے حماس جنگجوؤں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر راکٹ حملے بند کر دیں۔

اتوار کو بان کی مون غزہ پٹی کا دورہ کررہے ہیں۔ بان کی مون بالخصوص غزہ میں ان علاقوں کا دورہ کریں گے جو اسرائیل اور حماس کی جنگ کے دوران شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے ابھی تک مکانات، اسکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر بھی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔

دریں اثناء مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادی کاری کے خلاف مغربی اردن میں فلسطنیوں کے پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق اس دوران نابلوس میں اسرائیلی سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوعمر لڑکا ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت:عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں