اسرائیل سے غرب اردن میں بستیوں کی توسیع روکنے کا مطالبہ
7 مئی 2021جرمنی، برطانیہ، فرانس، اسپین اور اٹلی جیسے یورپ کے پانچ بڑے ممالک نے چھ مئی جمعرات کے روز اسرائیل سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی آبادی کاری اور نئی بستیوں کی تعمیر کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
ان ممالک کے وزرا خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا، ''ہم حکومت اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے ہار ہوما علاقے میں 540 یونٹوں کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے اپنے فیصلے کو واپس لے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری میں توسیع کی اپنی پالیسی کو روک دے۔''
بیان کے مطابق یہ، ''آبادکاری عالمی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے اور فلسطین اور اسرائیل کے تنازعے کے پر امن حل کے امکانات کے لیے خطرہ بھی ہے۔''
بیان میں مزید کہا گیا، ''ہم فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی یکطرفہ کارروائی سے باز رہیں اور، دو ریاستی حل اور تنازعہ کے خاتمے کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے، ایک قابل اعتماد اور معنی خیز گفت و شنید کا آغاز کریں۔''
ان ممالک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی مسلسل آبادکاری اور وہاں کے مقامی لوگوں کے انخلا سے اعتماد بحال کرنے کی کوششوں کو دھچکا پہنچتا ہے۔
اس ہفتے پیر کے روز ضلع یروشلم سے متعلق اسرائیلی کمیٹی نے 540 مکانات پر مبنی ایک نئی بستی بسانے کے منظوری کے اپنے فیصلے کو شائع کیا تھا جس میں مغربی کنارے پر مشرقی یروشلم اور بیت اللّحم کے درمیان ہار ہوما میں نئی بستی کی توسیع کی بات کہی گئی تھی۔
اسرائیل کی نئی حکومت
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی حکومت سازی کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد صدر نے حزب اختلاف کے رہنما کو نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے اور فی الوقت ایک نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششیں جاری ہیں۔اسرائیل میں گزشتہ دو برس کے دوران چار عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو پائی ہے۔
جہاں تک نئی بستیوں کی تعمیر کا سوال ہے تو نیتن یاہو کی پالیسی بڑی جارحانہ رہی ہے۔ اب اعتدال پسند رہنما یائر لیپد کو حکومت سازی کی دعوت ملی ہے تاہم انہیں بھی حکومت بنانے کے لیے سخت گیر مذہبی جماعت کے رہنما نیفتالی بینٹ سے اتحاد کرنا پڑے گا جو مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری کے حامی ہیں۔
اسرائیلی حکام مشرقی یروشلم میں اس زمین پر بسنے والے فلسطینیوں کو نکالنے کی کوشش کرتے رہے ہیں جس پر اسرائیل یہودیوں کے لیے نئے مکانات تعمیر کرنا چاہتا ہے اور اس کی وجہ سے حالیہ دنوں میں علاقے میں متعدد بار جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
ص ز/ ج ا (روئٹرز، کے این اے)