1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

'فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی رویہ نسل پرستی کے مترادف'

2 فروری 2022

حقوق انسانی کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف 'نسل پرستانہ رویہ' اپنانے کا الزام لگایا ہے۔ جواباً اسرائیل نے انسانی حقوق کی تنظیم پر ہی سامیت دشمنی کا الزام عائد کر دیا۔

https://p.dw.com/p/46OiD
Israel Jerusalem | Zerstörtes Palästinensisches Haus
تصویر: Mahmoud Illean/AP Photo/picture alliance

 ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یکم فروری منگل کے روز اپنی ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست نے جس ''ظلم اور تسلط کے نظام'' کے تحت فلسطینیوں پر حکومت کی ہے وہ ''اپرتھائیڈ'' یعنی نسل پرستی کی بنیاد پر تفریق برتنے کی بین الاقوامی تعریف پر پورا اترتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف، ''الگ تھلگ رکھنے، بے دخل اور شامل نہ کرنے'' کا ایک ایسا نظام نافذ کرنے کا الزام لگایا ہے جو کہ انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔ تنظیم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جبر اور تسلط کا نظام نافذ کرنے کے لیے اسرائیلی حکام کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ چار برس میں مرتب کی گئی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس رپورٹ کے لیے 'ہیومن رائٹس واچ' اور اسرائیلی حقوق کی تنظیم 'بی ٹی سلیم' جیسی دیگر معروف انسانی حقوق کے گروپوں کے ساتھ مل کر کا م کیا۔ اس میں اسرائیل پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ وہ ایک ''نسل پرست'' ریاست کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیل نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا اور اسے ''سامیت دشمنی کی آگ پر ایندھن ڈالنے'' کے مترادف قرار دیا۔ جرمنی میں بھی یہودی گروہوں نے اس رپورٹ کو ''سامیت مخالف'' قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل، اگنیس کالمارڈ نے کہا، ''ایمنسٹی اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرتی ہے اور سامیت دشمنی کی بھی مذمت کرتی ہے۔''

ایمنسٹی کی رپورٹ کیا کہتی ہے؟

ایمنسٹی کی رپورٹ، سن 1948 میں اسرائیلی ریاست کے قیام کے اعلان کے بعد سے، اسرائیل میں فلسطینی آبادی پر ایک تحقیقاتی تاہم  مختصر تاریخ پیش کرتی ہے۔ اس کے مطابق اس دوران تقریباً سات لاکھ فلسطینی، یعنی موجودہ اسرائیل کی تقریباً 80 فیصد فلسطینی آبادی، یا تو وہاں سے نکل گئی یا پھر اسے بے دخل کر دیا گیا۔ اس میں سے بیشتر فلسطینی پڑوسی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔

Israel | Anschlag in der Altstadt Jerusalems
تصویر: Mahmoud Illean/AP/picture alliance

فی الوقت اسرائیل کی جو کل 94 لاکھ کی آبادی ہے اس میں 20 فیصد فلسطینی ہیں۔ لیکن اگر مغربی کنارے اور غزہ کو بھی اس میں شامل کر لیا جائے تو یہودی اور عرب آبادی تقریباً برابر ہو جائے گی۔

سن 2005 میں اسرائیل نے غزہ سے اپنی فوج واپس بلا لی تھی اور آباد کاروں کو بے دخل کر دیا تھا۔ عسکریت پسند گروپ حماس، جسے امریکا اور یورپی یونین نے دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہیں، سن 2007 سے ہی غزہ پر حکمرانی کر رہی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے اور غزہ کا بکھرا ہوا تمام علاقہ ایک ایسے نظام کا حصہ ہے جو اسرائیلی ریاست کو بحیرہ روم سے لے کر دریائے اردن تک کی سرزمین کو کنٹرول کرنے کے قابل بناتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کچھ فلسطینیوں نے اسرائیل میں کاروبار، قانون، طب اور تفریحی شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم اس کے باوجود ان کے حالات اور ملازمت کے امکانات کے ساتھ ساتھ جسمانی یا سماجی نقل و حرکت کے امکانات بھی کم ہوتے جا رہے ہیں۔

ایمنسٹی کی رپورٹ میں اسرائیل کے اندر عربوں کے خلاف ہونے والے امتیازی سلوک، غزہ کی پٹی کی تباہ کن ناکہ بندی، اور مغربی کنارے کے ان حصوں کے عملاً الحاق کا بھی جائزہ لیا گیا ہے، جہاں اسرائیل تیزی سے یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کر رہا ہے۔

جرمنی اور فرانس سمیت بین الاقوامی برادری کے بہت سے افرادنے ان بستیوں اور ان کی توسیع کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید بھی کی ہے۔

 اس رپورٹ میں فلسطینیوں کی اراضی اور املاک کی تخصیص، ماورائے عدالت قتل، لوگوں کی زبردستی نقل مکانی، اور شہریت کے حقوق سے انکار جیسے دیگر امور کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

Israel Wohnungsbau in Ost-Jerusalem
تصویر: Nir Alon/ZUMAPRESS.com/picture alliance

اسرائیل کا رد عمل کیا رہا؟

اسرائیل نے ''نسل پرستی کی بنیاد پر تفریق'' کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عرب اسرائیلیوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اسرائیل نے انسانی حقوق کی تنظیموں کے بارے میں ہی اپنی دیرینہ موقف میں مزید سختی کرتے ہوئے انہیں خود ''اپرتھائیڈ''  قرار دے دیا۔

اس رپورٹ کے اجراء سے قبل ہی اسرائیل کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا، ''اس کی سخت زبان اور تاریخی پس منظر کو مسخ کرنے کا مقصد، اسرائیل کو برا دکھانے اور سامیت دشمنی کی آگ میں ایندھن ڈالنے کے لیے ہے۔''

لیکن ایمنسٹی کے سیکرٹری جنرل اگنیس کالمارڈ نے اسرائیل کے الزامات کو ''بے بنیاد حملے'' بتا کر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جوابدہی سے بچنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں اور، ''یہ تفتیش سے بچنے کی مایوس کن کوشش ہے۔'' 

اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپیڈنے کہا، ''اسرائیل کامل تو نہیں ہے، لیکن یہ ایک جمہوریت ہے، جو بین الاقوامی قانون کا پابند اور جانچ کے لیے کھلا ہے۔''

سن 1990 کی دہائی میں، اسرائیل نے امن عمل کے دوران فلسطینی اتھارٹی کو کچھ حد تک خود مختاری دی تھی، جو اوسلو معاہدے کے بعد طے ہوا تھا۔ مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر حکومت کرنے والی فلسطینی اتھارٹی نے ایمنسٹی کی اس رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔

 جرمنی میں، ملک کے یہودیوں کے واحد ہفتہ وار اخبار نے اس رپورٹ کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔  اس کا کہنا ہے، ''اسرائیل کوبار بار جنوبی افریقہ کی سابق بدنام زمانہ نسل پرست حکومت کے ساتھ موازنہ کر کے اسے بدنام کیا جاتا ہے۔''

لیکن ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس الزام کی بھی سختی سے تردید کی اور کہا کہ اس کی رپورٹ میں اسرائیل کا جنوبی افریقہ کی نسل پرستی سے کوئی موازنہ نہیں کیا گیا ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

مزيد فلسطينی علاقہ ضم کرنے کے اسرائيلی منصوبے پر احتجاج

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں