اسرائیل میں متحدہ عرب امارات کا سفارتخانہ کھول دیا گیا
14 جولائی 2021سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں معاہدہ ابراہیمی کی چادر تلے خلیج فارس کی عرب ریاستوں بحرین اور متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
سوڈان اور مراکش بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے فیصلے کر چکے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد دبئی اور اسرائیل کے درمیاں فضائی رابطہ بھی استوار ہو گئے ہیں۔ کئی اسرائیلی شہریوں نے اس خلیجی ریاست کے سیاحتی دورے بھی کیے ہیں۔
تجارت اور سرمایہ کاری
اسرائیل میں متعین متحدہ عرب امارات کے سفیر نے سفارت خانے کے قیام اور جھنڈا لہرانے کی تقریب میں واضح کیا کہ خلیجی ریاست کے ساتھ تجارتی روابط کے فروغ اور دو طرفہ سرمایہ کاری میں اضافے کی شروعات ہو چکی ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات میں
فریقین نے یہ تاثر بھی دیا کہ سفارت خانہ کھل جانے کے بعد ان دونوں ممالک کے تعلقات میں قربت بھی مزید بڑھے گی۔ کسی عرب ملک کے اولین سفارت خانے پر جھنڈا لہرانے کی تقریب میں اسرائیل کے صدر بھی شریک تھے۔
متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ
خلیجی عرب ریاست کا سفارت خانہ تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کے علاقے میں واقع ہے۔ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی ایمبیسی کا بھی افتتاح ہوا تھا۔ اسرائیل میں عرب ریاست کے سفیر محمد علی خاجا کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہی اپنے ملک کا جھنڈا سفارت خانے کی عمارت پر لہرایا۔
جھنڈا لہرانے کی تقریب کے بعد محمد علی خاجا کہنا تھا کہ تعلقات کو معمول پر لانے کے بعد پہلی مرتبہ اطراف میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کی گفتگو کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادیات، فضائی سفر، ٹیکنالوجی اور کلچر کے معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔
عرب اسرائیل تعلقات پر بائیڈن بھی ٹرمپ کی پالیسی پر گامزن
اسرائیل صدر کی تقریب میں شرکت
یُو اے ای کی ایمبیسی پر جھنڈا لہرانے کی تقریب میں اسرائیل کے نئے صدر اسحاق هرتصوغ نے تقریر کرتے ہوئے اس کو علاقائی صورت حال میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے مستقبل کے لیے امن، خوشحالی اور سکیورٹی کے حوالے سےسفر جاری رہے گا۔ ہیرزوگ نے کہا کہ تل ابیب میں اماراتی جھنڈا لہراتا دیکھ کر انہیں بے پناہ مسرت حاصل ہوئی ہے اور یہ ایک خواب کی تکمیل ہے۔
اسرائیل سے تعلقات کی بحالی ’بے پناہ فائدہ مند‘ ہے، پرنس فیصل
ایک ماہ قبل اسرائیل نے ابو ظہبی میں عارضی سفارت خانہ اور دبئی میں قونصل خانہ کھولا تھا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ یائیر لاپید کے مطابق دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی کے بعد تجارتی حجم چھ سو پچھتر ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
ع ح / ع ا (روئٹرز)