1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسجد الاقصیٰ تک مسلمانوں کی رسائی محدود

عاطف توقیر ایسوسی ایٹڈ پریس
21 جولائی 2017

اسرائیل نے پچاس برس سے کم عمر مسلمانوں پر مسجد الاقصیٰ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ گزشتہ جمعے کو ایک پرتشدد واقعے کے بعد مسجد الاقصیٰ میں نماز جمعہ نہیں پڑھی جا سکی تھی اور اسی تناظر میں آج مظاہرے متوقع ہیں۔

https://p.dw.com/p/2gvN2
Israel verschärfte Sicherheitsvorkehrungen am Tempelberg in Jerusalem
تصویر: Getty Images/AFP/A. Gharabli

اسرائیلی پولیس نے پچاس برس سے کم عمر مسلمانوں کو مسجد الاقصیٰ جانے سے روکنے کے اعلان کے علاوہ مسجد تک جانے والے تمام راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز بھی نصب کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ آج جمعے کے روز پولیس کی بھاری نفری بھی بیت المقدس کے آس پاس تعینات کر دی گئی ہے۔

یروشلم کے مشرقی حصوں میں یہ اقدامات گزشتہ شب اسرائیلی کابینہ کے اس اجلاس کے بعد اٹھائے گئے ہیں، جس میں پولیس کی جانب سے بیت المقدس جانے والے تمام راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ کابینہ نے اس تجویز کو برقرار رکھتے ہوئے یروشلم کے قدیمی حصے میں سکیورٹی اقدامات میں اضافے کی منظوری دی۔

گزشتہ ہفتے ایک فلسطینی حملہ آور نے فائرنگ کرکے اسی علاقے میں دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ فلسطینیوں کا الزام ہے کہ اسرائیلی میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے بیت المقدس پر اپنا قبضہ مضبوط کرنا چاہتا ہے۔

Israel verschärfte Sicherheitsvorkehrungen am Tempelberg in Jerusalem
گزشتہ ہفتے ایک پرتشدد واقعے کے بعد اسرائیل نے سخت سکیورٹی اقدامات کیے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/T. Coex

اسرائیل نے ان فلسطینی الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمومی سکیورٹی آلات ہیں، جن میں واحد مقصد کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنا ہے۔

مسلم رہنماؤں کی جانب سے اس اسرائیلی پابندی کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ نمازی مسجد الاقصیٰ کے قریب گلیوں ہی میں جمعے کی نماز ادا کریں۔ گزشتہ روز بھی یروشلم کے قدیمی حصے میں اسی تناظر میں مظاہرے دیکھنے میں آئے تھے، جب کہ اسرائیلی پولیس کی جانب سے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب ترکی میں قوم پرستوں کی جانب سے استنبول میں ایک یہودی عبادت گاہ کے باہر احتجاج کیا گیا۔ ترک میڈیا کے مطابق قوم پرستوں کا یہ احتجاج یروشلم میں قائم مسجد الاقصیٰ کے باہر سخت اسرائیلی سکیورٹی اقدامات کے نفاذ کے خلاف کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد نے استنبول کے مرکز میں اس احتجاج کے دوران ایک بیان پڑھا، جس میں اسرائیل کو ’دہشت گرد ریاست‘ قرار دیتے ہوئے مسلمانوں کے عبادت کے حق کو محدود کرنے پر شدید تنقید کی۔ اس بیان میں کہا گیا کہ ’اگر یہودی مسلمانوں کے عبادت کے حق پر وہاں قدغن لگائیں گے، تو مسلمان یہودیوں کے عبادت کے حق پر یہاں قدغن لگا دیں گے‘۔