1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی جنگی طیاروں کے ایرانی، شامی فوجی اہداف پر بڑے حملے

20 نومبر 2019

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے دمشق کے نواح میں شامی فوج اور ایران کے عسکری اہداف پر 'بڑے پیمانے پر فضائی حملے‘ کیے ہیں۔ شامی فوج کے مطابق زیادہ تر اسرائیلی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/3TNIQ
تصویر: picture-alliance/Photoshot

اسرائیلی فوج کی طرف سے آج بدھ بیس نومبر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس کے جنگی طیاروں نے ایک روز قبل شامی علاقے سے اسرائیل کی طرف فائر کیے جانے والے راکٹوں کے جواب میں شام میں ایران اور شامی فوج کے کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

اس بیان کے مطابق 'وسیع پیمانے پر کیے جانے والے یہ فضائی حملے‘ کل منگل انیس نومبر کو خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے (شام ہی کے) اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کے پہاڑی علاقے پر فائر کیے جانے والے میزائلوں کا جواب تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل اویچے ادرائی نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ اس فضائی کارروائی کے دوران شامی دارالحکومت کے قریب 'درجنوں اہداف‘ کو نشانہ بنایا گیا۔

اس ٹویٹ میں کہا گیا، ''شامی علاقے میں قائم یہ درجنوں اہداف ایران کی قدس فورس اور شامی فوج کے ٹھکانے تھے، جن میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سسٹمز کے ہیڈ کوارٹرز، اسلحے کے ڈپو اور عسکری اڈے بھی شامل تھے۔ یہ کارروائی کل اسرائیل کی طرف سے فائر کیے جانے والے راکٹوں کا جواب تھی۔‘‘ قدس فورس ایران میں پاسداران انقلاب نامی دستوں کی ایک ایلیٹ فورس ہے۔

دوسری طرف شام کی سرکاری خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج بدھ کے روز شامی علاقے میں حملوں کی کوشش کی لیکن اس 'بڑے حملے‘ کا جواب شام کے اینٹی ایئر کرافٹ فضائی دفاعی نظام سے دیا گیا اور اسرائیلی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ بعد ازاں شام کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ ان اسرائیلی حملوں میں دو شامی شہری ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

شامی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ شام پر یہ فضائی حملے 'لبنانی اور شامی‘ علاقوں سے کیے گئے۔ ایسا اس لیے کہا گیا کہ اسرائیل کبھی کبھی شام میں ایسے فضائی حملے بھی کرتا ہے، جن کے لیے اسرائیلی طیاروں کو لبنان کی فضائی حدود میں سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ شام میں ایرانی عسکری اہداف پر اب تک سینکڑوں حملے کر چکا ہے، جن کا مقصد ایران کو شام میں اپنی فوجی موجودگی کو استحکام دینے سے روکنا اور شام ہی میں لبنان کی حزب اللہ ملیشا کو ایرانی ہتھیار فراہم کیے جانے کا راستہ بند کرنا تھا۔ لبنانی شیعہ ملیشیا ‌حزب اللہ کو لبنان اور شام دونوں ممالک میں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

م م / ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں