1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتاسرائیل

اسرائیلی اپوزیشن کا وزیر اعظم نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ

21 جنوری 2025

اسرائیلی فوج کے سربراہ نے سات اکتوبر کو ہونے والے حماس کے حملوں کے تناظر میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اپوزیشن نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کی حکومت سے بھی استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4pROj
Israel Ministerpräsident Benjamin Netanjahu | Angriff israelischer Kampfflugzeuge auf Hafen Hudaydah Jemen
تصویر: Israeli Prime Minister's Office/Anadolu/picture alliance

اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف ہرزی حالوی نے سات اکتوبر کو حماس کی قیادت میں ہونے والے حملوں میں اسرائیلی فوج کی ناکامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق حالوی کے استعفے کا اطلاق چھ مارچ سے ہوگا۔

غزہ: نوے فلسطینی قیدی رہا

غزہ کی تعمیر نو میں دہائیاں اور اربوں ڈالر درکار

حالوی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ یہ فیصلہ ''ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب (اسرائیلی فوج) نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہمارے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ میجر جنرل ہرزی حالوی نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں اپنے تمام فوجی اہداف حاصل نہیں کرسکا۔

حالوی کے بقول، ''جنگ کے تمام مقاصد حاصل نہیں ہوئے ہیں۔ فوج حماس اور اس کی حکومتی صلاحیتوں کو مزید ختم کرنے، یرغمالیوں کی واپسی کو یقینی بنانے اور عسکریت پسندوں کے حملوں سے بے گھر ہونے والے اسرائیلیوں کو گھر واپس جانے کے قابل بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔‘‘

 اسرائیلی فوج کے سربراہ میجر جنرل ہرزی حالوی
اسرائیلی فوج کے سربراہ میجر جنرل ہرزی حالوی نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ میں اپنے تمام فوجی اہداف حاصل نہیں کرسکا۔تصویر: Israel Mod/ZUMA Press Wire/picture alliance

سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل کے جنوبی حصے میں فلسطینی عسکریت پسندوں کے ہاتھوں 1200 افراد کی ہلاکت کے بعد سے متعدد اسرائیلی فوجی اہلکار استعفیٰ دے  چکے ہیں۔

ان غیر معمولی حملوں میں تقریباﹰ 250 افراد کو اغوا کر کے غزہ پٹی لے جایا گیا تھا۔ یہ دہشت گردانہ حملے غزہ جنگ کی وجہ بنے تھے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق بہت سے اسرائیلیوں نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سات  اکتوبر کو سیاسی اور فوجی ناکامی کی ذمہ داری لینے میں ناکام رہے ہیں۔

وزیر اعظم اور حکومت بھی استعفیٰ دے، اپوزیشن سربراہ

اسرائیلی حزب اختلاف کے رہنما یائر لاپید نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔ لاپید کی طرف سے یہ مطالبہ ملکی فوجی سربراہ کی طرف سے سات اکتوبر 2023 ء کو حماس کے حملے کے تناظر میں مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یائر لاپید کا کہنا تھا کہ وہ فوجی سربراہ ہرزی حالوی کو ان کے عہدے سے مستعفی ہونے پر سلام پیش کرتے ہیں: ''اور اب وقت آگیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی پوری تباہ کن حکومت ذمہ داری لے اور مستعفی ہو جائے۔‘‘

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی، کم از کم آٹھ ہلاک

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے فلسطینی شہر جنین میں آج منگل کے روز ایک بڑی فوجی کارروائی کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

فوج نے اعلان کیا ہے کہ مقامی انٹیلی جنس سروس اور پولیس فورسز کے ساتھ مل کر شہر میں آئرن وال کے نام سے ایک ''انسداد دہشت گردی آپریشن‘‘ شروع کیا گیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت نے بتایا کہ آپریشن شروع ہونے کے بعد کم از کم آٹھ فلسطینی ہلاک اور 35 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے فلسطینی شہر جنین میں اسرائیلی فوجی کارروائی ۔ فائل فوٹو
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے فلسطینی شہر جنین میں آج منگل کے روز ایک بڑی فوجی کارروائی کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔تصویر: Nidal Eshtayeh/Xinhua/IMAGO

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یہ ایک ''بڑے پیمانے پر اور اہم فوجی آپریشن‘‘ تھا، جس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے میں سلامتی کو یقینی بنانا تھا۔

جینن کو عسکریت پسند فلسطینی گروہوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جن میں سے کچھ اسرائیل کے روایتی دشمن ایران کے ساتھ وابستہ ہیں۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز، جو کئی ہفتوں سے جنین میں عسکریت پسند فورسز کے خلاف وہاں تعینات تھیں، آپریشن شروع ہونے سے پہلے ہی پیچھے ہٹ گئیں۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی زمینی دستے اور اسپیشل فورسز اس آپریشن کے لیے شہر میں داخل ہوئیں اور اس سلسلے میں کئی ڈرون حملے بھی کیے گئے۔

غزہ سیزفائر جنگ کے خاتمے کا باعث بنے گی؟

ا ب ا/ع ب، ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے)