اسٹار فٹ بالر لیونیل میسی کا نیا ریکارڈ
8 جنوری 2013سن 2012ء کے دوران اکیانوے گول اسکور کرنے والے پچیس سالہ میسی کے ساتھ اس ایوارڈ کے لیے ان ہی کے کلب کے ساتھی فٹ بالر انیاسٹا اور ریئل میڈرڈ کے معروف اور دنیائے فٹ بال کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والےکرسٹیانو رونالڈو کو نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم میسی نے مسلسل چوتھی بار یہ اعزاز حاصل کر کے ان دونوں کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پیر کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقد ہوئی ایک پر شکوہ تقریب میں میسی کو Ballon d'Or نامی سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ لیونیل میسی کی شاندار انفرادی کارکردگی کے باوجود ان کا کلب گزشتہ برس نہ تو ہسپانوی فٹ بال لیگ لا لیگا جیتنے میں کامیاب ہوا اور نہ ہی چیمپئنز لیگ ٹورنامنٹ۔ میسی نے گزشتہ برس مجموعی طور پر 69 میچ کھیلے۔ اس دوران انہوں نے اپنے کلب بارسلونا کے لیے 79 جبکہ اپنی قومی ٹیم کے لیے 12 گول اسکور کیے۔
اس ٹرافی کے لیے چیدہ صحافیوں، قومی ٹیموں کے کوچوں اور کپتانوں پر مشتمل جیوری کی طرف سے دیے گئے ووٹوں میں میسی کو 41.6 فیصد، رونالڈو کو 23.68 فیصد جبکہ انیاسٹا کو 10.91 فیصد ووٹ ملے۔ گزشتہ برس ریکارڈ اکیانوے گول کرنے پر میسی کو اس ٹرافی کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ اس سے قبل جرمن اسٹرائیکر گیرڈ ملر نے 1972ء کے کیلنڈر ایئر میں ریکارڈ پچاسی گول کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا۔
سن 2012 کا بہترین فٹ بالر قرار دیے جانے کے بعد میسی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،'' یہ حقیقت کافی حد تک ناقابل یقین ہے۔'' انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل چوتھی مرتبہ یہ ٹرافی حاصل کرنے کی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے کلب اور اپنے ملکی ٹیم کے ساتھیوں کا شکریہ ادا بھی کیا۔
لیونل میسی نے کہا، '' میں انفرادی کامیابیوں سے زیادہ ٹیم کی کامیابیوں پر دلچسپی رکھتا ہوں۔ میرا مقصد ہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم کی کارکردگی مزید بہتر ہو جائے۔'' انہوں نے کہاکہ ان کی قومی ٹیم کو جلد ہی 2014ء کے عالمی کپ مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لینا چاہیے تاکہ ٹیم کو اس اہم ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے زیادہ وقت مل سکے۔
پیر کے دن منعقد ہوئی اس تقریب میں بہترین خاتون کھلاڑی کا انعام Abby Wambach کے حصے میں آیا جبکہ بہترین کوچ کا ایوارڈ Vicente del Bosque کو دیا گیا۔
ab/ia( AFP)