’اسٹیفن ہاکنگ کی آواز فضا میں‘
15 جون 2018خبر رساں اداروں کے مطابق جمعے کے دن برطانوی سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ کی راکھ کو ویسٹ منسٹر ایبے کے قبرستان میں مدفن دیگر عظیم سائنس دانوں کے ساتھ قبر میں اتارا گیا۔ دنیا بھر میں مشہور ہاکنگ مارچ میں 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری عمر کائنات کے آغاز سے جڑے معمے سلجھانے میں صرف کی اور خصوصاﹰ بلیک ہول کی پرسراریت اور وقت کی فطرت سے متعلق ان کا کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسٹیفن ہاکنگ آئزک نیوٹن کے پہلو میں دفن ہوں گے
’ذہانت کا ہاکنگ خلا کون پر کرے گا‘
خلائی مخلوق کی تلاش، ایک سو ملین ڈالر کا عطیہ
اسٹیفن ہاکنگ کی راکھ کو بہت سے اہم برطانوی سائنس دانوں کے ساتھ ویسٹ منسٹر ایبے میں دفن کیا گیا۔ اسی مقام میں آئزک نیوٹن اور چارلس ڈارون بھی دفن ہیں۔ یہ مقام شاہی خاندان سے وابستہ افراد کی شادیوں اور آخری رسومات کے لیے بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔
اس حوالے سے خصوصی قرعہ اندازی کے ذریعے عوام سے بھی بھی ایک ہزار افراد منتخب کیے گئے ہیں، جو ہاکنگ خاندان کے ہم راہ اس سروس میں حصہ لے رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس تقریب کے موقع پر یورپی خلائی ایجنسی ESA کی جانب سے اسٹیفن ہاکنگ کی آواز خلا میں بھیجی جائے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے ہاکنگ کی بیٹی لوسی نے کہا، ’’یہ آواز قریبی بلیک ہول کی جانب روانہ کی جائے گی۔ 1A 0620-00نامی یہ بلیک ہول ایک بائنری نظام میں موجود ہے، جو ایک عام سے نارنجی بونے ستارے (ڈوارف اسٹار) کے ساتھ ربط میں ہے۔‘‘ لوسی نے مزید کہا، ’’یہ امن اور امید کا پیغام ہے تاکہ یہ بتایا جا سکے کہ ہمیں اپنے سیارے پر مل کر امن و آتشی اور اتحاد کے ساتھ سے رہنے کی ضرورت ہے۔‘‘
ہاکنگ کو آئزک نیوٹن اور چارلس ڈارون کے پہلو میں دفن کیا گیا ہے۔ نیوٹن نے تجاذب کا قانون وضع کیا تھا اور انہوں نے جدید ریاضی کی بنیاد بھی رکھی تھی۔ اسی طرح ڈارون کے نظریہء ارتقا کو سائنس کی دنیا کے اب تک کے سب سے بڑے کارناموں میں سے ایک گردانا جاتا ہے۔ ویسٹ منسٹر ایبے میں ایرنسٹ روتھرفورڈ بھی دفن ہیں، جنہیں جوہری طبیعات کا بانی قرار دیا جاتا ہے۔ انہیں سن 1937 میں اس مقام پر دفن کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جوزف جان تھامسن، جنہوں نے الیکٹرون دریافت کیے تھے، سن 1940 میں یہاں دفن ہوئے۔
ع ت/ ع ب / روئٹرز