اسٹیفن ہاکنگ کے لیے دنیا کا سب سے زیادہ مالیت کا انعام
13 دسمبر 2012ویل چیئر کا استعمال کرنے والے ہاکنگ کو انٹرنیٹ کے حوالے سے ایک روسی کاروباری شخصیت یوری مِلنر کی جانب سے تین ملین ڈالر کا انعام پیش کیا گیا۔ ملنر نے رواں برس اس انعام کا اعلان کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ جدید دنیا کے سائنسدانوں میں ہاکنگ کی خدمات گراں قدر ہیں، تاہم انہیں ویسی پذیرائی نہیں مل پائی ہے، جیسا ان کا حق تھا۔
اس انعام کے اعلان کے موقع پر ہاکنگ کے ساتھ موجود ملنر نے تین ملین ڈالر کا دوسرا انعام ذیلی ایٹمی ذرات پر تحقیق کرنے والے یورپی ادارے سیرن کو دیا۔ دنیا میں انعام کے اعتبار سے نوبل انعام کو سب سے زیادہ اہم سمجھا جاتا ہے۔ نوبل انعام کی رقم نوبل فاؤنڈیشن کی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع سے دی جاتی ہے۔ حالیہ عرصے میں اس انعام کے ساتھ دی جانے والی رقم ایک اعشاریہ پانچ ملین ڈالر سے کم کر کے ایک اعشاریہ دو ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔
21 برس کی عمر میں موٹر نیورون بیماری کی تشخیص کے بعد ہاکنگ کو 1963ء میں کہا گیا تھا کہ وہ مزید دو برس زندہ رہ پائیں گے، تاہم وہ اب 70 برس کے ہیں۔ ہاکنگ کو جدید سائنس میں ممتاز ترین مقام حاصل ہے اور ان کی شہرت میں دی سیمپسن اور اسٹار ٹریک نامی شہرہ آفاق پروگرامز میں ان کی بحیثیت مہمان شرکت بھی ہے۔
واضح رہے کہ ہاکنگ خود نہیں بول سکتے اور انہیں بولنے کے لیے ایک خصوصی کمپیوٹرازڈ نظام کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ رواں برس اگست میں لندن میں پیرالمپکس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہاکنگ نے کہا تھا، ’ستاروں کی طرف دیکھیے نہ کہ اپنے پیروں کی طرف اور متجسس رہیے۔‘
انہیں اس سے قبل خصوصی بنیادی طبیعات کا انعام دیا گیا تھا۔ کمیٹی کے مطابق یہ انعام انہیں ’کوانٹمی تجاذب، کائنات کی ابتدا کی کوانٹمی جہتوں‘ کے حوالے سے اہم کام کے ساتھ ساتھ ثقب اسود سے تابکاری کے اخراج کی دریافت پر دیا گیا تھا۔
ہاکنگ کا کہنا ہے، ’طبیعات کی تحقیق کرتے ہوئے یہ نہیں سوچا جاتا کہ آیا اس پر کسی کو انعام ملے گا یا نہیں۔ یہ وہ کچھ دریافت کر لینے کی جستجو اور شغف ہے، جو اس سے پہلے کسی کے گمان میں نہ ہو۔‘
(at/ab (Reuters