1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین، شادی کی تقریب بالکونی میں

14 اپریل 2020

اسپین میں لاک ڈاؤن کے باعث ایک جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب کا اہتمام فلیٹ کی بالکونی میں کیا۔ تقریب میں محلے والوں نے اپنی اپنی بالکونیوں سے شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/3arXj
تصویر: Getty Images

کورونا وائرس کی وبا نے انسانی معاشرت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ غمی اور خوشی میں میل جول حکومتی پابندی کی نذر ہو گیا ہے۔ تعزیت اور مسرت کے لیے گلے لگنا یا ہاتھ ملانا بھی معدوم ہو چکا ہے۔ ایسے حالات میں رومانس کے لیے بالکونی کو پھر سے اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔

شمالی اسپین میں ایک محبت کرنے والے جوڑے نے اپنی شادی بالکونی میں کرنے کا فیصلہ کیا۔ انتظامات ایسے کیے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی بھی نہیں ہوئی۔

شمالی اسپین کے قصبے ارنیڈو کے رومانی جوڑے ہوزے اور ڈیبرا نے اپنے رومان کو شادی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا جب اسپین انتہائی سخت لاک ڈاؤن کی گرفت میں ہے۔

ایسے میں انہوں نے یہ شادی اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی میں منعقد کی۔ بالکونی کو شادی کی جگہ میں تبدیل کرنے کے لیے دلہن ڈیبرا اور دولہے ہوزے نے اسے رنگ برنگے بینروں اور مبارک باد کے پیغامات سے سجایا۔

اسپین کورونا کے ایک لاکھ سے زائد مریضوں والا تیسرا ملک بن گیا

اسپین نے لاکھوں لوگوں کو کام پر واپس لوٹنے کی اجازت دے دی

انگوٹھی پہنانے کی رسم مکمل ہونے پر ہمسایوں نے تالیاں اور سیٹیاں بجا کر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ شادی کی اس منفرد تقریب میں قصبے ارنیڈو کے میئر نے بھی شرکت کی۔ سڑک پر کھڑے چند افراد نے اس دوران ایک دوسرے سے فاصلے پر کھڑے ہوئے۔

اس شادی کی تقریب کی فلم بنانے کے لیے ڈرون کیمرے کا استعمال کیا گیا، جسے سوشل میڈیا پر خوب دیکھا گیا۔

کورونا کے باعث اسپین میں چودہ مارچ سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اب تک ایک لاکھ ستر ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور سترہ ہزار سات سو سے زائد لوگ موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

ع ق، ش ج (ایجنسیاں)