اطالوی گراں پری لیوئس ہیملٹن نے جیت لی
6 ستمبر 2015اٹلی میں مونزا کے مقام پر منعقدہ اس ریس میں ہیملٹن کے قریبی ترین حریف جرمنی کے نیکو روزبرگ وقت سے پہلے ہی مقابلے سے خارج ہو گئے کیونکہ اُن کی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی۔ واضح رہے کہ روزبرگ بھی ہیملٹن ہی کی طرح مرسیڈیز ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس ریس میں دوسری پوزیشن فیراری گاڑی میں سوار جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے حاصل کی، جو ورلڈ چیمپئن ہیملٹن سے پچیس سیکنڈ کے بعد منزل پر پہنچے۔ فیٹل کی کامیابی فیراری کے مقامی شائقین کے لیے بے پناہ خوشی کا باعث بنی اور وہ سرخ پرچم لہراتے ہوئے ٹریک پر پہنچ گئے۔
اطالوی گراں پری ریس میں تیسرے نمبر پر برازیل کے ڈرائیور فلیپے ماسا رہے، جو ولیمز ٹیم کا حصہ تھے۔
لیوئس ہیملٹن کے کیریئر کی یہ چالیس ویں کامیابی تھی۔ یہ تعداد اُن کے بچپن کے ہیرو آئرٹن سینا سے ایک کم ہے۔ اس سیزن میں ہیملٹن کی یہ ساتویں کامیابی تھی جبکہ مونزا میں وہ مجموعی طور پر تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے۔
ریس کے بعد ہیملٹن نے کہا:’’یہ وِیک اَینڈ میرے لیے بہت شاندار رہا، ہر لحاظ سے مکمل۔ مجھے نہیں یاد کہ آیا مجھے اس طرح کا کوئی وِیک اَینڈ پہلے بھی کبھی ملا ہو۔ یہ سرکٹ میرے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ پوڈیم میں پہلی پوزیشن پر کھڑے ہو کر بے انتہا فخر محسوس ہوتا ہے اور وہ لوگ یاد آتے ہیں، جو اس مقام پر کھڑے ہوئے۔ مداحوں کا یہ سمندر کسی ایسی چیز سے مطابقت نہیں رکھتا، جو میں نے پہلے دیکھی ہو۔‘‘
ریس تو بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو گئی تاہم مرسیڈیز ٹیم کے ارکان کے چہروں پر ریس کے بعد تشویش کی لہریں تھیں کیونکہ ریس کے آغاز پر ہیملٹن کی کار کے ٹائروں میں ہوا کا دباؤ مطلوبہ دباؤ سے کم رہا تھا، جس کی تحقیقات ہونا تھیں اور واقعی ایسا ثابت ہونے کی صورت میں ہیملٹن کو ممکنہ طور پر ٹائم پینلٹی کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ تاہم ان تحقیقات کے بعد اعلان کیا گیا کہ اگرچہ ہیملٹن اور اُن کے ٹیم ساتھی روزبرگ کی گاڑی میں بھی ہوا کا دباؤ کم از کم مطلوبہ دباؤ سے کم تھا لیکن اُنہیں کسی سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
اطالوی گراں پری میں کامیابی کے ساتھ ہی ہیملٹن نے فارمولا وَن موٹر ریسنگ ورلڈ چیمپئن شپ میں تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ تیس سالہ ہیملٹن اب تک مجموعی طور پر 252 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں۔ اُن کی ٹیم کے ساتھی رکن نیکو روزبرگ کے پوائنٹس کی تعداد 199 ہے جبکہ اٹلی میں دوسرے نمبر آنے والے سیباستیان فیٹل کی 178 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ہے۔