1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان الیکشن تنازعہ: کیری افغانستان میں

عابد حسین11 جولائی 2014

امریکی وزیر خارجہ جان کیری افغان دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ خیال ہے کہ وہ اپنے قیام کے دوران صدارتی الیکشن کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1CaTs
تصویر: Reuters

جان کیری غیر اعلانیہ دورے پر جمعے کی علی الصبح افغانستان پہنچے تو کابل میں سکیورٹی انتہائی ہائی الرٹ تھی۔ افغان دارالحکومت میں قیام کے دوران کیری صدارتی الیکشن کے دو امیدواروں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سے فرداً فرداً ملاقاتیں کریں گے۔ آج جمعے کے روز وہ سبکدوش ہونے والے افغان صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کریں گے۔

الیکشن کے نتائج پر دونوں امیدواروں کے درمیاں ٹھنی ہوئی ہے۔ عبوری نتیجے کے مطابق پہلی پوزیشن پر اشرف غنی اور دوسری پر عبداللہ عبداللہ ہیں۔ اِس دوران الیکٹورل کمیشن کے ایک اعلیٰ اہلکار ضیا الحق امرخلیل نے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے انتخابی عمل میں ہونے والی مبینہ دھاندلی میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی مفاد میں اپنے منصب کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔

Abdullah Abdullah erklärt sich zum Sieger der Stichwahl in Kabul
عبداللہ عبداللہ نے اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رکھا ہےتصویر: Reuters/Omar Sobhani

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں امریکا چین اکنامک میٹنگ میں شریک جان کیری نے افغانستان روانہ ہونے سے قبل رپورٹرز کو بتایا کہ وہ مسلسل دونوں امیدواروں کے ساتھ رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دونوں لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ افغانستان کے نازک حالات کا اندازہ کرتے ہوئے مدبرانہ انداز میں سیاسی سُوجھ بُوجھ کا مظاہرہ کریں۔ کیری کے مطابق افغانستان میں اقتدار کی منتقلی کا یہ نازک دور ہے اور اِس کے مستقبل کی حکومت و سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ کیری کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان مستقبل کے لیے اقتدار کی منتقلی کا وقت بے شمار قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے۔

افغان الیکشن کے حوالے سے امریکی حکومت کا یہ تسلیم کرنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایک مکمل الیکشن کا انعقاد افغانستان میں ممکن نہیں اور امریکا اِس صورت حال میں ایک ایسی مفاہمت کی حمایت کرے گا، جو وسیع بنیادوں پر افغانستان کے تمام حلقوں کو قابلِ قبول ہو۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امیدواروں سے ملاقات کے دوران کیری انہیں قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ الیکٹورل کمیشن کی جانب سے مرتب کیے جانے والے نظرثانی شدہ انتخابی نتیجے کو تسلیم کریں تاکہ سیاسی ڈیڈ لاک ختم ہو سکے۔

اشرف غنی کی انتخابی مہم کے ترجمان عبدل علی محمدی کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کی کابل پہنچ کر انتخابی تعطل کو ختم کرنے کی کوشش ایک مثبت اقدام ہے۔ اسی طرح عبداللہ عبداللہ کی خاتون ترجمان لیلُوما احمدی نے جان کیری کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت قدم ہے اور اِس سے بیلٹ بکسوں میں شامل بوگس ووٹوں کو نکال باہر کرنے میں مدد ملے گی۔ افغان الیکٹورل کمیشن نے سردست اشرف غنی کی برتری کا بتایا ہے لیکن اُن کے مدِ مقابل عبداللہ عبداللہ نے اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رکھا ہے۔