افغان سرحد کے پاس پاکستانی پوسٹوں پر حملے، چھ حملہ آور ہلاک
3 جون 2018خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی فوج کی طرف سے آج اتوار تین جون کوجاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ایک حملہ پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان اور دوسرا شمال مغربی قبائلی علاقے باجوڑ میں افغان سرحد کے قریب کیا گیا۔
فوجی بیان کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ان حملوں کا مؤثر جواب دیا اور اس دوران چھ حملہ آور ہلاک ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں پیرا ملٹری فورس فرنٹیئر کور کے چار اہلکار جبکہ پاکستان ایئر فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوئے۔
یہ حملے ان فوجی اہلکاروں پر کیے گئے جو پاکستان اور افغانستان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے۔ پاکستانی فوج ان دنوں افغانستان کے ساتھ لگنے والی 2400 کلومیٹر طویل سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پناہ لیے ہوئے عسکریت پسند سرحد پار کر کے پاکستانی علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسلام آباد حکومت افغانستان پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ پاکستانی سرحد کے قریب افغان علاقوں میں پناہ لیے ہوئے عسکریت پسندوں کو پاکستانی علاقے میں داخل ہو کر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
ا ب ا / ع ق (اے ایف پی)