1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان مشن پر اٹلی میں ردعمل اور حکومتی موقف

رپورٹ:ندیم گِل، ادارت:عابد حسین19 ستمبر 2009

افغانستان میں شدت پسندوں کے ایک حالیہ حملے میں چھ اطالوی فوجیوں کی ہلاکت نے روم حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بیشتر اطالوی عوام اس حملے سے پہلے ہی اپنے فوجیوں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/JkOr
اطالوی فوجیوں کی تباہ شدہ گاڑیتصویر: AP

اٹلی کے 58 فیصد عوام اپنے چھ فوجیوں کی حالیہ ہلاکتوں سے پہلے ہی افغانستان سے اپنی فوج کا انخلاء چاہتے تھے۔ مزید چالیس فیصد کی رائے یہ تھی کہ افغان مشن 'ایک جنگی آپریشن' کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

یہ اعدادوشمار گزشتہ ہفتے کئے گئے ایک عوامی سروےمیں سامنے آئےتھے، جس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ملکی افواج کی تعیناتی کے حوالے سے عوامی ردعمل میں اب اور بھی سختی آ سکتی ہے۔

Selbstmordanschlag in Kabul Afghanistan
اطالوی فوجیوں کے قافلے پر خودکُش حملے کے دوران تباہ ہونے والے مکاناتتصویر: AP

دوسری جانب اٹلی کے وزیر اعظم سلویو برلسکونی نے افغانستان کے لئے نئی حکمت عملی پر بھی زور دیا ہے، تاکہ غیرملکی فوجی وہاں سے نکل سکیں۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب زیادہ ذمہ داری کابل حکومت کو خود ہی اٹھانی چاہئے۔

جمعرات کے حملے کے فوری بعد ایک بیان میں برلسکونی نے غیرملکی فوجیوں کے لئے افغانستان سے نکل جانے کو بہتر قدم قرار دیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اٹلی تنہا اس بات کا فیصلہ نہیں کر سکتا ہے، جو بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی ہوسکتا ہے۔ برلسکونی نے زور دیا تھا کہ وہ ایسا کوئی بھی فیصلہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہی کریں گے۔

اٹلی میں بعض حلقے رواں برس کے آخر تک اپنے فوجیوں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم اطالوی وزیر دفاع اناسیو لا روسا نے کہا ہے کہ نیٹو اور اقوام متحدہ کی منظوری کے بغیر افغانستان سے فوجیوں کی واپسی کی حتمی تاریخ پر بات کرنا ایک غلطی ہوگی۔

Silvio Berlusconi Skandale
اٹلی کے وزیر اعظم برلسکونیتصویر: AP

دوسری جانب فرانس کے وزیر دفاع اِروے مورِن نے دورہ افغانستان کے موقع پر کہا ہے کہ وہ اطالوی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ تاہم انہوں نے روم حکام پر زور دیا کہ فوجیوں کے انخلاء کے معاملے میں وہ جذبات سے کام نہ لیں۔

اٹلی کے ان چھ فوجیوں کے جسدخاکی آج ہفتہ کو وطن پہنچ جائیں گے جبکہ ان کی آخری رسومات پیر کو ادا کی جائیں گی۔ اس موقع پر ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

افغانستان میں ایک لاکھ سے زائد غیرملکی فوجی تعینات ہیں، جن میں سب سے زیادہ امریکی ہیں۔ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے، جس کے بعد جرمنی کا نمبر آتا ہے جبکہ اٹلی کا نمبر چھٹا ہے۔ افغانستان میں تعینات اطالوی فوجیوں کی تعداد تین ہزار دو سو پچاس ہے۔ روم نے پانچ سو فوجی حالیہ صدارتی الیکشن کے سلسلے میں وہاں روانہ کئے تھے۔

افغانستان میں تعینات غیرملکی فوجیوں کے لئے رواں برس انتہائی خطرناک ثابت ہوا ہے اور اب تک وہاں 357 نیٹوفوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید